فرانز کافکا کی تصنیف’’دی ٹرائل‘‘ کا اردو ترجمہ ’’مقدمہ‘‘ کے نام سے شائع ہو گیا

بدھ 24 مئی 2017 15:11

فرانز کافکا کی تصنیف’’دی ٹرائل‘‘ کا اردو ترجمہ ’’مقدمہ‘‘ کے نام ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء)دنیا کی عظیم ترین کتب میں شمار ہونے والا فرانز کافکا کا ناول ’’دی ٹرائل‘‘ ایک منفرد پلاٹ اور مختلف طرزِ تحریر کے باعث ہر جگہ مقبول ہے۔ اس ناول پر تین فلمیں بن چکی ہیں۔ اسے 1914ء کے آس پاس کے برسوں میں یورپ میں ہونے والی سماجی بدنظمی کا عکاس قرار دیا جا سکتا ہے۔ نیشنل بُک فائونڈیشن نے قومی سطح پر کتاب بینی کو فروغ دینے کا جو بیڑا اُٹھایا ہے ’’دی ٹرائل‘‘ ناول کو یاسر جواد کے کیے ہوئے سلیس اور رواں اردو ترجمے کے ساتھ ’’مقدمہ‘‘ کے نام سے شائع کرنا بھی این بی ایف کے اُسی مشن کا ایک حصہ ہے۔

216ء صفحات کی اس کتاب کی قیمت250/-روپے ہے جو 55فیصد ڈسکائونٹ پر ریڈرز کلب کے ممبران کو صرف113/-روپے میں دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

یہ کتاب این بی ایف کی جانب سے شائقینِ علم و ادب تک عظیم و اعلیٰ عالمی ادب پہنچانے کے سلسلے کی بھی ایک کڑی ہے۔ مترجم کی این بی ایف کے زیر اہتمام ایک اہم علمی کتاب ’’ایک سو عظیم فلسفی‘‘ بھی چھپ کر قارئین سے تحسین پا چکی ہے۔ کتاب کے ابتدا میں کافکا کے حالات و واقعات اور آخر میں کافکا کی فکریات کے حوالے سے توضیح و تفسیر پر مشتمل ایک مقالہ شائقین و قارئین کے لیے خاصے کی چیز ہے۔ ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے توقع ظاہر کی ہے کہ قارئین کو این بی ایف کی یہ تازہ کتاب بھی پسند آئے گی۔