بھارت پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی جانب پیشرفت کر رہا ہے،امریکی انٹیلی جنس سربراہ

نئی دہلی سرحد پار دہشتگردی کی معاونت کے الزام میں اسلام آباد کے خلاف پاداشی اقدامات پر بھی غور کر رہا ہے،بیان

بدھ 24 مئی 2017 20:09

بھارت پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی جانب پیشرفت کر رہا ہے،امریکی ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء) امریکی اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی جانب پیشرفت کر رہا ہے اور سرحد پار دہشتگردی کی معاونت کے الزام میں اسلام آباد کے خلاف پاداشی اقدامات پر بھی غور کر رہا ہے،غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈیفنس انٹیلی جنس ادارے کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل وینسنٹ سٹیورٹ نے سینٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کی سماعت کے دوران اراکین کو بتایا کہ بھارت مسلسل پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی جانب پیشرفت کر رہا ہے اور اسلام آباد پر سرحد پار دہشتگردوں کی مالی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے پاداشی حملوں پر بھی غور کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت بحیرہ ہند میں بھارتی مفادات کے تحفظ اور ایشیاء بھر میں اپنی معاشی اور سفارتی رسائی کو بہتر بنانے کیلئے اپنی فوج میں جدت پیدا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں متعدد دہشتگردانہ حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔انہوں نے اراکین کو مزید بتایا کہ 2017ء میں بھارت پاکستان کی مغربی سرحد کے ساتھ روایتی انسداد دہشتگردی آپریشنز کی بتدریج منتقلی اور ملک بھر میں پیراملٹری آپریشنز کا امکان ہی۔