وزیراعلیٰ پنجاب کا برطانیہ کی وزیرداخلہ امبر رڈ کو ٹیلی فون،مانچسٹر میں دھماکوں کی شدید مذمت

ہفتہ 27 مئی 2017 00:15

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے برطانیہ کی وزیرداخلہ امبر رڈ(Ms.Amber Rudd) کو ٹیلی فون کیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے مانچسٹر میں دھماکوں کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوںکے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا کو ان دھماکوں پر دلی دکھ اورصدمہ پہنچا ہے۔پاکستان اور پنجاب کے عوام کی تمام تر ہمدردیاں برطانیہ کی حکومت اور عوام کیساتھ ہیںاور ہم دکھ کی اس گھڑی میں برطانیہ اور برطانوی عوام کیساتھ کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مانچسٹر دھماکوں میں بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا اورہمیں جاں بحق افراد کے غمزدہ خاندانوںسے دلی ہمدردی ہے ۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔