بھارت ،ْدو خواتین کو جنسی ہراساں کرنے پر 3 افراد گرفتار

کوئی ہماری مدد کو نہیں آیا ،ْ چند مزید افراد ہمیں ہراساں کرنے والوں کے ساتھ شامل ہوگئے ،ْمتاثرہ خاتون

پیر 29 مئی 2017 20:40

بھارت ،ْدو خواتین کو جنسی ہراساں کرنے پر 3 افراد گرفتار
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) بھارتی ریاست اترپردیش میں 2 خواتین کو دن دیہاڑے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ان کی ویڈیو بنانے والے تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں ہراساں کی جانے والی 2 خواتین کو مدد کیلئے پکارتے ،ْ راہ گیروں کو ہنستے اور اس واقعے کی ویڈیو بناتے دیکھا گیا۔

خواتین کو ہراساں کیے جانے کا واقعہ اترپردیش کے ضلع رام پور کے ایک دور دراز گاؤں میں پیش آیا جہاں چند آدمیوں نے دو خواتین کو گھیر لیا۔دونوں خواتین کے نام اور عمریں منظرعام پر نہیں لائی گئیں ،ْرام پور پولیس کے عہدے دار محمد طارق نے بتایا کہ تین مرکزی ملزمان کو حراست میں لیا جاچکا ہے جبکہ چوتھے مفرور شخص کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پولیس فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ اس واقعے میں 4 افراد ملوث تھے تاہم مجمع میں موجود افراد کے حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔واقعے کا نشانہ بننے والی ایک خاتون نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے لوگوں کی منت سماجت کی کہ انہیں جانے دیا جائے اور ان کی مدد کی جائے۔اپنے چہرے کو اسکارف سے چھپاتے ہوئے متاثرہ خاتون نے بتایا کہ کوئی ہماری مدد کو نہیں آیا بلکہ چند مزید افراد ہمیں ہراساں کرنے والوں کے ساتھ شامل ہوگئے۔پولیس کی جانب سے گرفتار افراد کے خلاف بھارتی انٹرنیٹ قوانین کے تحت جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :