وزیراعلیٰ پنجاب سے رکن قومی اسمبلی اویس لغاری کی ملاقات‘ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے فلاحی پروگراموں پرتبادلہ خیال

جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے آئندہ بجٹ میں ریکارڈ وسائل مہیا کریں گے،محمدشہبازشریف

بدھ 31 مئی 2017 19:45

وزیراعلیٰ پنجاب سے رکن قومی اسمبلی اویس لغاری کی ملاقات‘ بجٹ میں جنوبی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بدھ کے روز یہاں رکن قومی اسمبلی اویس لغاری نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے فلاحی پروگراموں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے آئندہ بجٹ میں ریکارڈ وسائل مہیا کریں گے اور جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے، جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی مجھے دل و جان سے عزیز ہے اور میں ذاتی طور پر جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے پروگراموں کی نگرانی کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پروگرام جنوبی پنجاب سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے اور اس پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب کی 37 تحصیلوں سے بیک وقت کیا جائے گا اور اس پروگرام پر انتہائی تیز رفتاری سے عملدرآمدہوگا اور 2018 کے ابتدائی ماہ میں اس پروگرام کو مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پینے کاصاف پانی فراہم کرکے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میٹرو بس پراجیکٹ جنوبی پنجاب کے عوام کو جدید سفری سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کو مزید خوشیاں دے گی۔