وزیراعلیٰ پنجاب سے گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کی ملاقات

دھرنے اور لاک ڈاؤن ملک کی ترقی کے خلاف ناپاک سازش،الزام تراشی کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی‘ ماضی کی حکومتوں نے منصوبوں کے قبرستان بنائے،کئی منصوبے کرپشن اور ہوس کی نذرکردیئے،شہبازشریف وزیراعلیٰ کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پھالیہ کو 40بستروں سے بڑھا کر60بستروں اورشیخو پورہ ‘گوجرانوالہ روڈ کی تعمیرکا اعلان

بدھ 31 مئی 2017 19:45

وزیراعلیٰ پنجاب سے گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کے سفر کو دیانت اورامانت کے ساتھ آگے بڑھایا گیاہے اوررکاوٹوںومشکلات کے باوجودترقیاتی منصوبے اوربجلی کے پراجیکٹس رفتار اور معیار سے مکمل کیے گئے ہیں جس کی پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی ۔

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوںنے بدھ کے روز یہاںان سے ملاقات کی،4گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں ،فلاح عامہ کے پروگراموں ،تعلیم ،صحت و دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے جاری سکیموں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی ترجیحات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ شکست خوردہ عناصر نے ذاتی مفادات کی خاطر عوام کی ترقی اور خوشحالی کے پروگراموں میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اوردھرنے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف ناپاک سازش تھی،دھرنوں کا دھڑن تختہ ہوا تو لاک ڈاؤن کے ذریعے نئی سازش تیار کی گئی،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے دھرنوں کی طرح لاک ڈاؤن بھی ناکام رہااوراب الزام تراشی اورافراتفری کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ اگلے دو ماہ میں توانائی کے نئے منصوبے مکمل ہوںگے اور5 ہزارمیگاواٹ اضافی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی،10جون کو ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سے مزید 660میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی،اس طرح یہ منصوبہ مجموعی طور 1320میگاواٹ بجلی مہیا کرے گاجبکہ اس منصوبے کے دوسرے پلانٹ نے آزمائشی طور پر بجلی کی پیداوار کا آغاز کردیاہے ۔ انہوںنے کہا کہ22ماہ میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی تکمیل سے دنیا کیساتھ چین کا ریکار ڈ بھی ٹوٹ گیا ہے ،چین میں اتنی پیداواری گنجائش کا بجلی کامنصوبہ 27ماہ میں مکمل ہوا جبکہ پاکستان میں یہ منصوبہ 22ماہ میں مکمل ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے منصوبوں کے قبرستان بنائے ،قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹاگیااورکئی منصوبے کرپشن اور ہوس کی نذرکردیئے گئے،سابق ادوار لوٹ مار،مجرمانہ غفلت اور کرپشن سے لتھڑے ہوئے تھے جبکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے شفافیت،رفتار اورمعیار کے روشن مینار تعمیر کیے ہیںاورہمارے منصوبے شفافیت کی خود گواہی دیتے ہیں،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے پاکستان کی70سالہ تاریخ میں شفافیت ،معیار اور رفتار کے نئے ریکارڈقائم کیے ہیں اورہمارے منصوبوںکی شفافیت پر مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ 3600میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹس بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کیے جارہے ہیں،بھکھی گیس پاور پراجیکٹ سے 717میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے اور یہ منصوبہ بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیاجبکہ دیگر گیس پاور منصوبے بھی مقررہ مدت سے قبل مکمل ہوںگے اوران گیس پاورمنصوبوں میں 112ارب روپے کی حقیقی بچت کی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک بہاولپورمیں 400میگاوا ٹ شمسی توانائی پیدا کی جارہی ہے جبکہ شمسی توانائی کی300میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے اوریہ منصوبے بھی اس سال کے آخر میں بجلی کی پیداوار شروع کردیں گے۔

انہوںنے کہا کہ عوام کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کررہے ہیں اور صوبے میں 318 سستے رمضان بازار لگائے گئے ہیں جبکہ صوبے کے عوام کیلئے 9 ارب روپے کا تاریخی رمضان پیکیج دیا گیا ہے جس کے تحت رمضان بازاروں اورعام مارکیٹوں میں20کلو آٹے کا تھیلا250روپے جبکہ 10کلو آٹے کا تھیلا125روپے سستاکیاگیاہے اوراس تاریخی اقدام سے عوام کو بے پناہ ریلیف ملا ہے کیونکہ 20کلو آٹے کا تھیلا 500روپے اور10کلو آٹے کا تھیلا250روپے میں دستیاب ہے۔

انہوںنے کہا کہ کھادکی قیمتوں میں کمی اور بلا سود قرضوں سے چھوٹے کاشتکاروںکوبے حد فائدہ حاصل ہواہے اوراسی بناپر زرعی پیدوارمیں خاطر خواہ اضافہ ہواہے اورپنجاب حکومت بجٹ میں بھی کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کا اعلان کرے گی،اسی طرح خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت تقریباً60ارب روپے کی لاگت سے دیہی آبادی کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے دیہات میں کارپٹڈ سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں اور آئندہ بجٹ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر کیلئے مزید وسائل مختص کیے جائیں گی-انہوںنے کہا کہ جنوبی ایشیاء اور پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ملک بھر کے مالی مشکلات سے دوچار2لاکھ سے زائدطلبا وطالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں، ساڑھے 17ارب روپے کے تعلیمی فنڈکی آمدن سے اب تک11ارب روپے کے وظائف میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جاچکے ہیں،پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے غریب گھرانوں کے ہونہار بچوں پر اعلی تعلیم کے دروازے کھلے ہیںاوراس فنڈسے صرف پنجاب ہی نہیںبلکہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ،گلگت بلتستان، آزاد کشمیراورپاکستان بھر سے طلبا و طالبات مستفید ہورہے ہیں ،پنجاب حکومت نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کر کے قوم کے تابناک مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ یہ مشہورکہاوت ہے کہ ہمیشہ پیاسا کنویں کے پاس جاتا ہے، کنواں پیاسے کے پاس نہیں آتاجبکہ پیف ایسا ادارہ ہے جو میرٹ کے پاس جاتاہے ۔اس فنڈ کے تحت غریب گھرانوں کے ذہین بچے اوربچیا ں ملکی اورغیر ملکی یونیورسیٹوں میں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس بے مثال تعلیمی فنڈ میں 5ارب روپے مزید دیںگے۔

جس سے اس فنڈکا حجم22ارب روپے سے تجاوز کرجائے گا،اسی طرح پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم کے تحت 23لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کرایاگیا ہے جبکہ اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ صرف اورصرف میرٹ پر ہونہار طلباو طالبات کو دئیے گئے ہیں۔صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ضمن میں بے پناہ کاوشیں کی گئی ہیں اور اب ہم انتہائی تیزی سے درست سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔

ہسپتالوں کو اپ گرڈ کرنے کیساتھ ایمرجنسیوں کو درست کیا جارہاہے ،صفائی اور دیگر سہولتوں کے نظام کو آؤٹ سورس کرنے کا کام جاری ہے ۔اسی طرح رواں برس پہلی بار انتہائی اعلی معیار کی ادویات خرید کر ہسپتالوں کو دی گئی ہیں اور اب عام آدمی بھی وہی دوائی استعمال کررہا ہے جو اشرافیہ استعمال کرتی ہے۔وزیراعلیٰ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پھالیہ کو 40بستروں سے بڑھا کر60بستروں اورشیخو پورہ ،گوجرانوالہ روڈ کی تعمیرکا اعلان کیا،جس پر ساڑھے پانچ ار ب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوجرانوالہ میں بنائے جانے والے فلائی اوور سے شہریوں کو بے پناہ سہولت ملے گی اوراس منصوبے سے شہریوں کو دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے ۔انہوںنے کہا کہ چین پاکستان کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھتا ہے،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر چینی لیڈر شپ نے بھر پور اعتماد کا اظہارکیا ہے،نیت نیک ‘عزم صمیم اورجذبے صادق ہوںتو منزل آسان ہوجاتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے گئے ہیں ، آئندہ ایک برس میںعوام کی توقعات پر پورا اتریں گے،2018ء کے عام انتخابات میں کارکردگی اورشفافیت کی جیت ہوگی۔صوبائی وزراء منشاء اللہ بٹ،حمید ہ وحید الدین ،ایم این اے حمزہ شہبازشریف،گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین اورانتظامی و پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔