آم کے باغات کو بھٹوں کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، مینگو گروئرز ایسوسی ایشن

جمعرات 1 جون 2017 19:27

آم کے باغات کو بھٹوں کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2017ء)پاکستان مینگو گروئرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اینٹوں کے بھٹوں نے آم کے باغات کو تباہ کرنا شروع کردیا ہے لہذا حکومت آم کے باغات کو بھٹوں کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ مینگو گروئرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ اینٹوں کے بھٹے آم کے باغات کیلئے زہر قاتل ہیں ۔

انہوںنے بتایاکہ بھٹوں سے نکلنے والا سیاہ دھواں سلفر ڈائی آکسائیڈ ، ہائیڈروجن فلورائیڈ اور کاربن مانو آکسائیڈ وغیرہ جیسی زہریلی گیسوں کا آمیزہ ہوتا ہے جبکہ یہ گیسیں جہاں دیگر فصلات پر منفی اثرات مرتب کررہی ہیں وہاں آم کے باغات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا موجب بن رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اینٹوں کے بھٹوں سے نکلنے والا یہ دھواں فضا میں چلنے والی ہوا کی سمت میں کافی دیر تک معلق رہتاہے جس سے سورج کی روشنی براہ راست زمین پر نہ پڑتی ہے اور اس میں شامل زہریلی گیسیں ہوا میں پھیل کر فضائی آلودگی کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں اضافہ کاباعث بھی بن رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ان زہریلی گیسوں کے اثرات آم کے درختوں ، پھل اور پتوں پر نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔انہوںنے بتایاکہ پتوں میں فلورائیڈ اور سلفر کی موجودگی سے ہونے والے نقصان کا تدارک بھی ضروری ہے۔ انہوںنے بتایاکہ یہ گیسیں پھل کی نوزائیدہ بافتوں کے گلنے کا سبب بنتی ہیں جس سے پھل کے سرے پر کالے دھبے ظاہر ہوناشروع ہو تے ہیں اور آم کی کوالٹی ، معیار ، لذت تباہ ہو جاتی ہے اور پھل ٹوٹ کر ڈنڈی سے زمین پر گرنا شروع ہو جاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر اس مسئلہ پر قابو نہ پایاگیاتو آم کی پیداوار کئی گناکم ہونے کے خدشہ کو بھی رد نہیں کیاجاسکتا۔