Live Updates

عمران خان عدالت میں بنی گالہ کی زمین کی خریداری کے حوالے سے اپنا موقف تبدیل کر رہے ہیں‘ پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لیے حکومت جے آئی ٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے

وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت

جمعرات 1 جون 2017 23:35

عمران خان عدالت میں بنی گالہ کی زمین کی خریداری کے حوالے سے اپنا موقف ..
اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2017ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان عدالت میں بنی گالہ کی زمین کی خریداری کے حوالے سے اپنا موقف تبدیل کر رہے ہیں۔ جمعرات کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بنی گالہ کی زمین کے کیس کے حوالے سے ٹی وی انٹرویوز اور عدالت میں دئیے جانے والے بیانات میں تضاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود آف شور کمپنی رکھنے کا اعتراف کیا لیکن انتخابات میں حصہ لینے کے وقت اسے غیر اعلانیہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لیے حکومت جے آئی ٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب مین انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت آئین و قانون کی بالادستی پر واضح موقف رکھتی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کا بیان ان کا انفرادی بیان ہے جس کا پارٹی یا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے نہال ہاشمی کے بیان کا سختی سے بروقت نوٹس لیا اور انہیں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نہ صرف پارٹی رکنیت سے دستبردار کر دیا ہے بلکہ شوکاز نوٹس جاری کر کے ان سے انکی سینیٹر شپ بھی واپس لے لی گئی ہے کیونکہ ہماری قیادت آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئین و قانون کے تحت اس ملک کو چلائیں گے اور کوئی بھی شخص خواہ وہ ہماری اپنی جماعت کا سینیٹر ہی کیوں نہ ہو وہ آئین و قانون سے ماوراء نہیں اس لیے ایسے کسی بھی فرد کا کوئی بھی عیب وزیراعظم محمد نواز شریف بالکل برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کسی پر انگلی اٹھانے کا کوئی حق نہیں، انہوں نے جاتی امرا کے بارے میں غلط زبان استعمال کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات