ملک وقوم کی تقدیر کو بدلنے کیلئے اساتذہ کو خود احتسابی سے کام لینا ہوگا، صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی

پیر 5 جون 2017 22:30

ملک وقوم کی تقدیر کو بدلنے کیلئے اساتذہ کو خود احتسابی سے کام لینا ہوگا، ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2017ء) صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے اساتذہ ہی وہ واحد طبقہ ہے جو ملک وقوم کی تقدیر بدلنے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں اس قومی ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے ہمارے اساتذہ کو خود احتسابی سے کام لینا ہوگا اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے علم اور تحقیق سے گہرا تعلق قائم کرنا ہوگا ۔

یہ بات انہوں نے گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی چھٹی سینڈیکیٹ میٹنگ کے بعد یونیورسٹی اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فرحت سلیمی، رکن صوبائی اسمبلی بیگم گلناز شجاعت ، ایڈیشنل سیکرٹری لاء ، ایچ ای سی مس شمع ضیاء، چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ محمد اسلم شیخو، وی سی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا ڈاکٹر نیاز احمد اختر، ایکس وی سی گریژن یونیورسٹی ڈاکٹر جمیل انور، ڈاکٹرخرم انور خواجہ اور نمائندہ فنانس ڈیپارٹمنٹ نجف حسین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہاکہ گرمیوں کی چھٹیوں کا مقصد اساتذہ کے ریفریشر کورسز کرواناتھا تاکہ تاکہ وہ سیکھ کر نئی نسل کو سیکھا سکیں۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے کے استاد نے تربیت لینے کے عمل کو ختم کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ استادکاصرف یہ کام نہیں کہ وہ نصابی تعلیم کا رٹہ لگوائے بلکہ اس کا کام کہ وہ نئی نسل کو اسلام ، تہذیب ، کلچر اور پاکستان کے بارے میں بتائے اور اس کو رشوت ستانی اور بدعنوانی سے دامن بچانے کی ترغیب دے ۔

انہوں نے کہاکہ جو استاد پڑھاتا نہیں وہ حلال کی تنخواہ نہیں لیتا اس کا روز محشر اللہ رب العزت حساب لے گا۔ انہوں نے کہاکہ استاد کو چاہیئے کہ وہ اپنے طالب علموں کی علمی تشنگی کی پیاس بجھانے کیلئے ان کی علم سے آبیاری کریں ۔ انہوں نے کہاکہ استاد وہ ہے جس کو ہر چیز کا علم ہے اور استاد کا تعلق اور بنیاد علم سے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رٹہ کبھی یاد نہیں رہتا علم کو یاد رکھنے کیلئے تجربہ شرط ہے اور عمل کے بغیر علم کسی کام کا نہیں ۔

انہوں نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کو آپ کی ذمہ داریوں کے متعلق نہیں بتا سکتا اللہ اور قرآن نے آپ کی ذمہ داریوں کا تعین کیا ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آپ ایک ایسے پیشے سے وابستہ ہیں کہ قوم کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے اب آپ کا یہ فرض ہے کہ وہ اپنے طالب علموں کو ایک اچھا مسلمان اور پاکستانی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ جذبے سے پڑھائیں اور اپنے ذمہ داریوں سے مت اکتاہیں ۔

قبل ازیں گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی چھٹی سینڈیکیٹ میٹنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ بھر کی جامعات کو چلانے کیلئے حکومت جلد ایک یونیفارم پالیسی دے گی اور تمام جامعات کی سینڈیکیٹ میں ہونے والے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کیلئے صوبہ کی سطح پر ایک بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جامعات کو آئین اور قوانین کے مطابق چلایا جائے گا اور کسی کو بھی قانوں اور پالیسوں کے خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ صوبے میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیوں میں5ہزار پی ایچ ڈی سکالرز کی ضرورت ہے اس کمی کو پورا کرنے کیلئے حکومت طالب علموں کو پی ایچ ڈی پروگرامز کیلئے باہر بھجوا رہی ہے ۔ انہوں نے کالجز میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 7ہزار نئے لیکچرار بھرتی کئے جائیں گے اور جہاں اساتذہ کی کمی ہوگی وہاں سی ٹی آئی بھرتی کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ اساتذہ کو پی ایس پروگرام کے کورسز کروانے کیلئے تین تین ماہ کی تربیت دی جائے گی اور سال میں تین کورسز کروائے جائیں گے اس سلسلہ میں ڈیلپمنٹ اکیڈیمی قائم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیچر اچھا ہوگا تو تعلیم کا معیار بہتر ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی قائم کی جائے گی اور ضلع بھر کے کالجز کا اس سے الحاق کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :