سپریم کورٹ نے برطانیہ بھجوانے کاجھانسہ دیکر رقم بٹورنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی ضمانت کا معاملہ لاہورہائی کورٹ کو بھجوادیا

پیر 5 جون 2017 22:41

سپریم کورٹ نے برطانیہ بھجوانے کاجھانسہ دیکر رقم بٹورنے کے الزام میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2017ء) سپریم کورٹ نے جہلم سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو برطانیہ بھجوانے کاجھانسہ دیکر 60لاکھ روپے بٹورنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی ضمانت کا معاملہ لاہورہائی کورٹ کو بھجوا تے ہوئے میرٹ پرفیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ پیرکوجسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پرملزم محمد شریف کے وکیل محمود شیخ نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ 65سالہ ملزم محمد شریف اور اس کے ایک ساتھی پر تین افراد کو بیرون ملک بھجوانے کاجھانسہ دیتے ان سے فی کس 20لاکھ روپے وصول کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ ان کاکہناتھا کہ جب بھی ملزمان کی ضمانت کی درخواست ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقررہوتی ہے تو مخالف فریق سماعت نہیں ہونے دیتابلکہ کوئی نہ کوئی بہانہ پیش کرکے سماعت رکوادیتاہے گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران مسلسل سات تاریخوں پر سماعت نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کوبتایاکہ ہائیکورٹ میں اگلی سماعت11جون کو مقررکی گئی ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کا کہنا تھا کہ لالچ میں آکر باہر جانے کیلئے پیسے دیئے جاتے ہیں اور جب معاہدہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچتا تو ایک مدعی دوسر املزم بن جاتا ہے حالانکہ جب مدعی کو علم تھا کہ ریکروٹنگ ایجنسی کے پاس لائسنس ہی نہیں تو پھر اس نے پیسے کیوں اداکئے ۔ لوگ پیسہ کمانے کیلئے ہرجائز و و ناجائز طریقے اختیار کرتے ہیں ٹرکوں کے خفیہ خانوں، لانچوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں اوربہت سے دوران سفر جاں بحق ہو جاتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے معاملہ ہائیکورٹ کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ ہائیکورٹ آئندہ سماعت پر درخواست گزاروں کو سن کر میرٹ پر فیصلہ کرے۔

متعلقہ عنوان :