Live Updates

عمران خان کی زیر صدارت مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ،پانامہ لیکس تحقیقات اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

حکمران جماعت کی جانب سے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت

پیر 5 جون 2017 23:07

عمران خان کی زیر صدارت مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ،پانامہ لیکس تحقیقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2017ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ،پانامہ لیکس کی تحقیقات اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ حکمران جماعت کی جانب سے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات و مرکزی ترجمان شفقت محمود نے اجلاس کی تفصیلات بتائے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم اور انکے بچوں کے مرکزی معاون حماد بن جاسم بن جبر الثانی کے جے آئی ٹی میں پیش ہونے سے انکار کے بعد کی صورتحال پر بات چیت کی گئی ہے ۔

انکا کہنا تھاکہ ذاتی مفاد کیلئے اداروں کی ساکھ پر حملے انتہائی افسوسناک ہیں، تحریک انصاف روز اول سے جانتی ہے کہ وزیر اعظم اور انکے خاندان کے پاس کرپشن کے دفاع میں پیش کرنے کیلئے کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں تحریک انصاف کی قیادت دوبارہ اپنا مؤقف دہرایا ہے کہ کہ قطری شہزادہ اور اسکے خطوط تراشی گئی جھوٹی کہانی کا حصہ تھے، قطری کے انکار کے بعد وزیر اعظم اور انکے بچوں کا پورا دفاع زمین بوس ہوگیا ہے، تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ قطری کے انکار کے بعد پانامہ کیس بھی اصولی طور پر اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے، قطری کے انکار کے بعد قوم کو جے آئی ٹی پر حسین نواز کے اعتراض اور عدلیہ کو دھمکانے کی لیگی مہم کا پس منظر پوری طرح سمجھ آچکا ہے، شفقت محمود کا مزید کہنا تھاکہ ججوں اور جے آئی ٹی اراکین کو دھمکانے کا مقصد عدالت کو دباؤ میں لانا اور تحقیقات کو متنازعہ بنانا تھا، وزیر اعظم کی صاحبزادی کی سربراہی میں چلنے والے میڈیا سیل اور کسی حد تک بعض ریاستی اداروں نے شریف خاندان کے مقاصد پورے کرنے میں کافی مدد کی، پاکستان بہت جلد کرپشن کے نظام سے آزاد ہوگا اور قوم پر ستم ڈھانے والے انجام کو پہنچیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات