ثابت ہو گیا کہ نہال ہاشمی کا استعفیٰ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے تھا‘عبدالعلیم خان

استعفے کی واپسی بھی وزیر اعظم ہاؤس کے ایما ء پر ہوئی ،نہال ہاشمی ’’گاڈ فادر‘‘کا نام بول دیں ‘صدرتحریک انصا ف سنٹرل پنجاب

منگل 6 جون 2017 20:18

ثابت ہو گیا کہ نہال ہاشمی کا استعفیٰ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا ہے کہ نہال ہاشمی کا استعفیٰ عوام کی آنکھوں میں دھو ل جھانکنے کیلئے تھا ایسے ڈرامے کرنا شریف خاندان کا پرانا وطیرہ ہے ، استعفے کی واپسی بھی وزیر اعظم ہاؤس کے ایماء پر ہوئی ہے اب وقت ہے کہ سچ بولتے ہوئے نہال ہاشمی --"گاڈ فادر" کا نام بتا دیں انہوں نے کہا کہ یہ سارا سکرپٹ ایک ہی جگہ لکھا گیا اور استعفے کی واپسی سے ثابت ہو گیا ہے کہ اصل یو ٹرن کون لیتا ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ درحقیقت نہال ہاشمی جو کچھ بھی کر رہے ہیں اسے شریف خاندان کی آشیر باد حاصل ہے ان کی اپنی کوئی حیثیت نہیں وہ ایک مہرے کے طور پر استعمال ہوئے ہیں جس کے بعد ان کی اہمیت پارٹی اور قائدین کیلئے ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں اسی لیے لیگی رہنماؤں نے ہی ان کے خلاف بیان بازی شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ شریف فیملی نے ہمیشہ اعلیٰ عدالتوں پر دھونس اور دباؤ کی پالیسی اپنائی اور اس مقصد کیلئے سپریم کورٹ پر حملہ کرنے سے بھی گریز نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کو اعلیٰ عدلیہ کے خلاف استعمال کرنا نواز لیگ کی پرانی پالیسی ہے بغل میں چھری اور منہ میں رام رام کے مصداق عدالتوں کے خلاف نواز شریف اینڈ کمپنی کی سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور نہال ہاشمی کا تازہ ڈرامہ اس سلسلے کی نئی قسط ہے ۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ حکومتی وزراء نے پہلے ہی عدلیہ کے خلاد محاذ آرائی شروع کر رکھی ہے اعلیٰ عدالتوں کو ان کا بھی نوٹس لینا چاہیے اوردانیال اور طلال چوہدری اور خواجہ آصف اور سعدرفیق کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کے حقائق بھی سامنے آنے چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت نواز لیگ کے اقتدار کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے اس ڈوبتی ہوئی ناؤ سے نہال ہاشمی جیسا بوجھ اتارنے کی تیاری کی جا رہی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکمران خاطر جمع رکھیں سچ کا سچ اور جھوٹ کا جھوٹ جلد سامنے آنے والاہے ۔

متعلقہ عنوان :