چیئرمین سینیٹ نے نہال ہاشمی کی ایوان بالا کی رکنیت سے استعفیٰ واپس لینے سے متعلق درخواست منظورکر لی

بدھ 7 جون 2017 13:29

چیئرمین سینیٹ نے نہال ہاشمی کی ایوان بالا کی رکنیت سے استعفیٰ واپس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کی ایوان بالا کی رکنیت سے استعفیٰ واپس لینے سے متعلق درخواست منظور کرلی۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں رولنگ دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ نہال ہاشمی نے 31 مئی کو تحریری طور پر ایوان بالا کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔

جب ان کے علم میں سینیٹ سیکریٹریٹ کی طرف سے یہ معاملہ لایا گیا تو انہوں نے 5 جون کے لئے نہال ہاشمی کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ خود رضاکارانہ طور پر ایوان بالا کی رکنیت سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں نہال ہاشمی کی طرف سے تحریری طور پر یہ درخواست کی گئی کہ اس معاملہ پر غور ملتوی کیا جائے۔

(جاری ہے)

6 جون کو نہال ہاشمی ذاتی طور پر انہیں ملے اور انہیں بتایا کہ انہوں نے غیر معمولی حالات کے پیش نظر استعفیٰ دیا ہے اس لئے وہ اپنا استعفیٰ واپس لینا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری سینیٹ، ایڈیشنل سیکرٹری لیجسلیشن اور جوائنٹ سیکرٹری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 7 جون کو صبح 10 بجے ذاتی طور پر چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں نہال ہاشمی کے پیش ہونے سے متعلق نوٹس کی گنجائش نہیں رہی اس لئے نہال ہاشمی کا استعفیٰ واپس لیا جانا تصور کیا جاتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے سیکرٹری سینیٹ کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے رولنگ کے بارے میں سینیٹ میں قائد ایوان اور مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر کو بھی آگاہ کر دیں۔

متعلقہ عنوان :