چینی صدر شی جن پنگ بھی فلم دنگل کے مداح نکلے

فلم میں نے دیکھی ہے مجھے بہت پسند آئی ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ یہ فلم کامیابی سے چین میں اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے،صدر

جمعہ 9 جون 2017 23:04

چینی صدر شی جن پنگ بھی فلم دنگل کے مداح نکلے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2017ء) چینی صدر شی جن پنگ بالی ووڈ کے مسٹرپرفکشنسٹ عامر خان کی فلم دنگل کے مداح نکلے ۔ انہوں نے کہا کہ فلم میں نے دیکھی ہے مجھے بہت پسند آئی ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ یہ فلم کامیابی سے چین میں اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فلم دنگل نے چین میں تہلکہ مچاتے ہوئے اگلے پچھلے سارے ریکارڈ اپنے قبضے میں کرلیے اور صرف چین میں ایک ہزار کروڑ کا ریکارڈ بزنس کرکے پہلی بھارتی فلم ہونے کا بھی اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بھارت کے بعد چین میں فلم ’’دنگل‘‘ کو پسند کیے جانے کی وجہ عامر خان کے ساتھ فلم کی کہانی ہے جو خواتین کو بااختیار بنانے کا پیغام دیتی ہے اور اسی وجہ سے چین کے لوگ اس فلم کو بے حد پسند کررہے ہیں لیکن مسٹر پرفیکشنسٹ کی فلم ’’دنگل‘‘ نے چینی صدر کو بھی ان کا مداح بنالیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی عامر خان کی فلم دیکھی جس کا تذکرہ انہوں نے گزشتہ روز قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں کیا۔ چینی صدر نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین میں فلم ’دنگل‘ کی کامیابی کا سفر جاری ہے جب کہ انہوں نے خود بھی یہ فلم دیکھی جو انہیں بے حد پسند آئی۔۔

متعلقہ عنوان :