جعلی ٹریفک وارڈن اعظم اور اس کا ساتھی فراست رنگے ہاتھوں گرفتار

جمعہ 9 جون 2017 23:18

جعلی ٹریفک وارڈن اعظم اور اس کا ساتھی فراست رنگے ہاتھوں گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2017ء) ٹریفک وارڈن اسد نے ڈبل سڑکاں پر ٹریفک پولیس کی وردی میں ملبوس جعلی ٹریفک وارڈن اعظم اور اسکے ساتھی فراست کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے تھانہ نواں کوٹ پولیس کے حوالہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی صدر ٹریفک ملک اکرام کو خفیہ اطلاع ملی کہ گذشتہ 01 ماہ سے جعلی ٹریفک وارڈن ٹریفک پولیس کی وردی میں ملبوس ہو کر سڑک پر ہر آنے جانے والی گاڑی کو کھڑا کرکے رشوت بٹورتا ہے اور سٹی ٹریفک پولیس کا نام خراب کر رہا ہے جس پر ڈی ایس پی نے متعلقہ ٹریفک وراڈنز کو جعلی ٹریفک وارڈن کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

گذشتہ رات ٹریفک وارڈن اسد ڈبل سڑکاں پر فرائض سرانجام دے رہا تھا کہ اُس کو ایک ٹرک ڈرائیور نے بتایا کہ پچھلے اشارے پر 01 ٹریفک وارڈن اور اسکا ساتھی سفید پارچات میں ہر گاڑی سے پیسے بٹوررہے ہیں جس پر ٹریفک وارڈن نے بڑ ی مہارت سے تھانہ نواں کوٹ کے پولیس اہلکاروں کی ٹیم کے ساتھ جاکر جعلی ٹریفک وارڈن اور اسکے ساتھی کورنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی صدر ملک اکرام کی ابتدائی تفتیش میں جعلی ٹریفک وارڈن نے اپنا نام اعظم اور ساتھی کا فراست بتایا۔ اعظم کا سرگودھا جبکہ فراست کا بابو صابو سے تعلق ہے۔ ملزم ٹریفک پولیس کی وردی پہن کر ہر گاڑی کے ڈرائیور سے رشوت بٹورتا تھا۔ پولیس نے جعلی ٹریفک وارڈن کو گرفتار کر کے ایک موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کر لی۔ چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجاز احمد نے جعلی ٹریفک وارڈن اور اسکے ساتھی کو گرفتار کرنے پر ٹریفک وارڈن اسد اور ڈی ایس پی صدرکو شاباش دی۔ (معظم فخر)

متعلقہ عنوان :