متنازع تقریر پر نہال ہاشمی کیخلاف قانون کے مطابق تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیدیا

ہفتہ 10 جون 2017 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جون2017ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پولیس کو متنازع تقریر پر نہال ہاشمی کے خلاف قانون کے مطابق تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دے دیا ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی شرقی کی عدالت میں ہفتے کو نہال ہاشمی کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ،درخواست گزار کا موقف تھا کہ نہال ہاشمی نے عدلیہ کو دھمکیاں دیں،اس لئے ان کے خلاف درج ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی جائیں،عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں ،حتمی رپورٹ عدالت میں جمع نہیں کرائی گئی ،اگر تحقیقات کے دوران شواہد ملے تو ملزم کے خلاف ایف آئی آر میں انسداد دہشتگردی کے قوانین کا اطلاع کیا جائے گا،عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ نہال ہاشمی کے خلاف قانون کے مطابق تحقیقات مکمل کریں اور اگر تحقیقات کے دوران نہال ہاشمی کے خلاف شواہد ملیں تو ضابط فوجداری کی دفعہ 173 کے تحت ایف آئی آر میں شامل کیا جائے ،واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نہال ہاشمی نے ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے عدلیہ کے خلاف غلط الفاظ استعمال کیے تھے ،جس پر سپریم کورٹ نے بھی از خود نوٹس لے لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :