داعش سربراہ البغدادی کی ہلاکت کی خبر سامنے آگئی ،آزادذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی

ابوبکر البغدادی ایک فضائی حملے میں ماراگیا،شامی سرکاری ٹی وی کا دعویٰ

اتوار 11 جون 2017 23:40

داعش سربراہ البغدادی کی ہلاکت کی خبر سامنے آگئی ،آزادذرائع سے تصدیق ..
دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2017ء) شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ ( داعش) کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کی موت کی ایک مرتبہ پھر خبرآگئی تاہم اس کی آزادذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی، شام کے سرکاری ٹی وی چینل نے دعوی کیا ہے کہ ابوبکر البغدادی ایک فضائی حملے میں ماراگیا، داعش کا گڑھ سمجھے جانیوالے الرقہ کے علاقے میں ہفتے کو رات بھر بمباری جاری رہی ۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابوبکر البغدادی کے قتل کی خبرایک ایسے وقت پرسامنے آئی ہے جب چند روز قبل ان کے نائب ایاد الجمیلی بھی ایک فضائی حملے میں مارے جاچکے ہیں ۔یادرہے کہ اس سے قبل بھی ابوبکرالبغدادی کی موت کی خبریں آتی رہیں جو بعد میں غلط ثابت ہوئیں ، الرقہ داعش کا گڑھ سمجھاجاتاہے اور یہیں سے وہ شام ، عراق اوردیگر علاقوں میں تنظیمی کارروائیاں ہوتی ہیںجبکہ کالعدم تنظیم نے مبینہ اسلامی قانون نافذ کرنے کیلئے اپنا سکول نصاب ، اسلامی عدالتیں اور پولیس یونٹس بھی تشکیل دے رکھے ہیں۔ یہاں پر داعش سرقلم بھی کرتی ہے اور مقتولین کی لاشیں لٹکادی جاتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :