تصویر لیک پر جے آئی ٹی نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی-ویڈیوریکارڈنگ پر اعتراض مسترد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 12 جون 2017 15:10

تصویر لیک پر جے آئی ٹی نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی-ویڈیوریکارڈنگ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 جون ۔2017ء) پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کے حوالے سے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔حسین نواز کی تصویر لیک ہونے سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ اس موقع پر پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے جوڈیشل اکیڈمی سے حسین نواز کی تصویر لیک ہونے سے متعلق سر بمہر رپورٹ جمع کرائی۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں ساری تفصیلات درج ہیں کہ حسین نواز کی تصویر کیسے لیک ہوئی اور کس نے لیک کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور حسین نواز کے وکیل خواجہ حارث جے آئی ٹی کی پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خواجہ حارث نے کہا کہ ہمیں جے آئی ٹی پر تحفظات ہیں جبکہ ایک مسئلہ جے آئی ٹی میں ویڈیو ریکارڈنگ کا بھی ہے، جس پر جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ ویڈیو ریکارڈنگ پر کوئی قانونی پابندی نہیں ہے، ویڈیو ریکارڈنگ کا مقصد انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ تیار کرنا ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ جے آئی ٹی کو محدود وقت میں کام مکمل کرنے کا کہا گیا جبکہ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ آپ جے آئی ٹی کا جواب پڑھے بغیر دلائل دینا چاہتے ہیں تو آپ کی مرضی ہے، آپ جے آئی ٹی رپورٹ پر اعتراضات بھی جمع کرا سکتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے خواجہ حارث کو کہا کہ آپ کا جواب پرسوں سن لیں گے۔

متعلقہ عنوان :