جے آئی ٹی نے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کو سمن جاری کردیئے‘ 17جون کو حدیبیہ پیپرزمل کے ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم-وزیراعظم نوازشریف کل پیش ہونگے-جوڈیشل اکیڈمی میں خصوصی حفاظتی انتظامات‘ہنگامی بنیادوں پر دیواروں کی مرمت اور حفاظتی تار لگانے کا کام جاری- پہلے نواز شریف، اب وزیر اعلیٰ شہباز شریف حساب دیں گے، صرف ایک ہی خاندان کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟خواجہ آصف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 14 جون 2017 13:33

جے آئی ٹی نے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کو سمن جاری کردیئے‘ 17جون کو حدیبیہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جون ۔2017ء) پاناماکیس تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی طلب کرلیا ہے۔شہباز شریف کو حدیبیہ پیپر ملز کا ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے -شہباز شریف کو17جون ہفتے کو دن 11 جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونگے۔جبکہ وزیراعظم نوازشریف کو15جون جمعرات کے روز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے سمن جاری کیئے جاچکے ہیں-وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پہلے وزیر اعظم نواز شریف، اب وزیر اعلیٰ شہباز شریف حساب دیں گے، صرف ایک ہی خاندان کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟خواجہ آصف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جمہوریت میں قیادت قابل احتساب ہوتی ہے، صرف ایک ہی خاندان کو نشانہ بنایا جارہا ہے، دیگر افراد احتساب سے بالا کیوں ہیں؟ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو جے آئی ٹی کی جانب سے بجھوائے گئے سمن میں ان کو 17 جون صبح11 بجے مطلوبہ دستاویزات کیساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ وزیراعظم نوازشریف کل جمعرات کے روزپاناما کیس میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونگے۔اس مقصد کے لیے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی، عمارت کی چاردیواری کو ہنگامی بنیادوں پر اونچا کیا جا رہا ہے جبکہ حفاظتی تار بھی لگائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی آمد سے قبل علاقہ سیل کرکے جیمرز نصب کئے جائیں گے۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے 3 حصار ہوں گے، اکیڈمی کے اندر ایلیٹ فورسز کے جوانوں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ بیرونی سیکورٹی کی ذمے داری رینجرز اور دیگر اداروں پر ہوگی، جوڈیشل اکیڈمی سے متصل آئی ایٹ پارک کو بھی بند کردیا جائے گا۔ وزیراعظم جب تک جوڈیشل اکیڈمی میں موجود رہیں گے اس وقت تک ملازمین اپنے دفتر سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف سڑکوں کی مرمت اور رنگ وروغن کا کام شروع کردیا۔

دریں اثنا گزشتہ روز جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا جس میں آج سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت، وزیراعظم سے پوچھے جانے والے سوالات اور رحمن ملک کے پیش نہ ہونے کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا جبکہ دیگر دستاویزات اور شواہد پر غور کیا گیا، جے آئی ٹی نے رحمان ملک کو گزشتہ روز طلب کیا تھا تاہم وہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔