تل کے کاشتکار20 جون سے کاشت شروع کردیں ،محکمہ زراعت

بدھ 14 جون 2017 16:53

تل کے کاشتکار20 جون سے کاشت شروع کردیں ،محکمہ زراعت
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2017ء)محکمہ زراعت نے تل کے کاشتکاروں کو20 جون سے کاشت شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے تل کی کاشت 15 جولائی تک مکمل کرلیں تاکہ انہیں بروقت کاشت کے باعث اچھی پیداوار مل سکے، محکمہ زراعت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے ایک ملاقات کے دوران اے پی پی کو بتایاکہ تل پنجاب میں صدیوں سے کاشت کی جانے والی کم دورانیہ کی ایک انتہائی اہم روغن دار فصل ہے جس کے بیجوں میں 50فیصد سے زائد اعلیٰ معیار اور بہترین خصوصیات کا حامل خوردنی تیل اور 22 فیصد سے زائد بہترین قسم کی پروٹین موجود ہوتی ہے جو انسانوں اور پالتوجانوروں کی پسندیدہ غذا ہے ،انکا کہنا تھا کہ تل کے تیل کی خصوصیات بہت حدتک زیتون کے تیل سے ملتی ہیں نیز اس کو 5سی10فیصد تک دوسرے خوردنی تیلوںمیں ملاکر کھانے سے تیل کی کوالٹی اور بھی بہتر ہو جاتی ہے ۔