سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے یوم علیؓ کے سلسلہ میں ٹریفک پلان جاری کر دیا

بدھ 14 جون 2017 16:55

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2017ء) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے یوم علی ؓکاجامع ٹریفک پلان جاری کر دیا،ٹریفک پلان کے مطابق یوم علیؓ کے مرکزی جلوس کے روٹ پر 1ایس پی ،4ڈی ایس پیز، 42انسپکٹرز،111لیڈی ٹریفک وارڈنز اور 1ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز فرائض سر انجام دیں گے،شہریوں کی آسانی کیلئے خصوصی ڈائیورشن پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے مطابق مرکزی روٹ سے 19مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ ا جائے گا جس کے لئے ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات ہو گی تاکہ ٹریفک روانی میں کوئی خلل یا دبائو نہ آسکے،یوم علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی اندرون اکبری گیٹ سے برآمد ہو کر چوک نواب صاحب، چوہٹہ مفتی باقر ، چوک ترنم،حکیماں بازار اور چوک بھاٹی سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا، یوم علیؓ کے مرکزی روٹ کے ڈائیورشنز پوائنٹس اکبری گیٹ ، باغ علی، چونا منڈی ،شاہ عالم مارکیٹ چوک، پیر مکی، موری گیٹ ،پنج پیر، ضلع کچہری، پی ایم جی چوک، ایم اے اوکالج، لیڈ ی ویلنگٹن اور سگیاں ہوں گے،شاہدرہ سے آنے والی ٹریفک کو ریلوے اسٹیشن ، اندروں سرکلر روڈ سے ٹریفک کو موری گیٹ ملتان روڈ اور چوک چوبرجی سے آنے والی ٹریفک کو ایم اے اوکالج سے آئوٹ فال روڈ پر موڑ کر متبادل راستہ فراہم کیا جائے گا،چیف ٹریفک آفیسر لاہور ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے اس موقع پر کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی آسانی کیلئے یوم علیؓ کے موقع پر انتہائی آسان ٹریفک پلان مرتب کیا ہے جس میں مرکزی جلوس کے روٹ پر بھی کوئی ٹریفک روانی میں خلل نہیں آئے گااور متبادل راستوں پر اضافی نفری کو بھی تعینات کیا گیا ہے، ٹریفک وارڈنز کو مرکزی روٹ پر ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشکوک گاڑیوں اور افراد پر نظر رکھنے کی ہدایت اور بریفنگ دی گئی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ یوم علیؓ کے مرکزی جلوس میں شرکت کرنے والے زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بھی 7مختلف مقامات پر پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں ، مرکزی جلوس کے شرکاء اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ناصر باغ، دفتر ڈپٹی کمشنر ، موچی گیٹ باغ، داتا دربار آئی ہسپتال، سنٹرل ماڈل ہائی سکول، بائولی باغ اور اڈہ کرائون کے مقامات پرپارکنگ کر سکیں گے،سی ٹی او لاہور ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے مزید کہاکہ 111لیڈی ٹریفک وارڈنز کو خصوصی طور پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ ڈسٹرکٹ پولیس کی لیڈی اہلکاروں کے ساتھ مل کر مرکزی جلوس میں آنے والی خواتین کی مکمل چیکنگ کرنے کے بعد جلوس میں آنے کی اجازت دیں اور مکمل سرچ کریں، اس کے علاوہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے اضافی نفری کو سٹینڈ بائی بھی رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :