کشمیریوںکے قتل عام پر نریندر مودی کیخلاف انٹرنیشنل کریمنل کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے، کشمیری رہنمائوں کا مطالبہ

بدھ 14 جون 2017 21:12

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2017ء) کشمیری رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جنگی جرائم پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت (انٹرنیشنل کریمنل کورٹ) میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید فیض نقشبندی، شمیمہ شال اور پرویز احمد شاہ نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 35اجلاس کے موقع پر ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف وومن اینڈ چلڈرن رائٹس کے زیر اہتمام ’’تنازعات والے مقامات پر انسانی ڈھال کا استعمال ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کے میجر گوگوئی نے ایک تازہ واقعے میں رواں برس 9اپریل کو مقبوضہ وادی کشمیر کے ضلع بڈگام میںڈھونگ انتخابات کے روز فاروق احمد ڈار نامی ایک نوجوان کو جیپ کے آگے باندھ کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھی کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاسی اور فوجی قیادت نے میجر سے کسی قسم کی جواب طلبی اور سزا دینے کے بجائے اسے توصیفی سند سے نواز ا۔ کشمیری رہنمائوں نے کہا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد مقبوضہ علاقے میں نہتے شہریوں کو قابض بھارتی فورسز کے مظالم بڑھ گئے ہیں اور اسکے ساتھ ساتھ کشمیریوںکے سیاسی اور معاشرتی سمیت تمام حقوق سلب کر لیے گئے ہیں۔

سید فیض نقشبندی اور دیگر نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں اب تک 6ہزارسے زائد گمنام اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں جو مقبوضہ علاقے میں بھارتی جنگی جرائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بوسنیاء کے مسلمانوں کے قتل عام کے سرب مجرم ریڈاوان کراڈچRadovan Karadzic کے خلاف بھی جنگی جرائم کی عالمی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا تھا۔انہوںنے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور فوجی سربراہ پبن راوت کے خلاف بھی کشمیریوں کے بے دریغ قتل عام پر جنگی جرائم کی عالمی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔

انہوں نے جنگی جرائم کے حوالے سے حقائق کا پتہ لگانے کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ٹیم بھی مقبوضہ علاقے میں بھیجنے کا مطالبہ کیا۔مباحثے میںپروفیسر ڈاکٹر ایچ سی مہمنت سکرو گوسیل ، موسی وہاب دین اور دیگر نے بھی حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :