تحریک حریت کی پارٹی رہنماء کی کالے قانون کے تحت گرفتاری اور جیل منتقلی کی شدید مذمت

فیاض احمد داس کی امن سرگرمیاں کسی بھی طرح جرم کے زمرے میں نہیں آتی انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہا ہے، ترجمان

بدھ 14 جون 2017 21:12

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں وکشمیر نے پارٹی کے قائمقام صدرِ ضلع اسلام آباد فیاض احمد داس کی گرفتاری اور کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموںکی کٹھوعہ جیل منتقلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فیاض احمد ایک سیاسی کارکن ہیں اور انکی پر امن سرگرمیاں کسی بھی طرح جرم کے زمرے میں نہیں آتی ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں فیاض احمد کی گرفتاری کو بلاجواز قراردیتے ہوئے کہاکہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جار ہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فیاض احمد داس نے گزشتہ سال کے عوامی انتفادہ کے دوران نمایاں کردارادا کیاتھا اور پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے انکے گھر پر با ر بار چھاپے مار کر توڑ پھوڑ اوراہل خانہ کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام پر طاقت، دھونس، دباؤ اورظلم و تشدد سے جموںو کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے، بلکہ اس مسئلے کو سیاسی سطح پر مذاکرات کے ذریعے حل کرکے ہی خطے میں امن واستحکام قائم ہو سکتا ہے ۔ادھرتحریک حریت نے پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنمائوں حاجی محمد رستم بٹ، بشیر احمد قریشی اور محمد امین پرے کی جیلوں میں تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی پر زور دیاہے ۔

دریں اثناء تحریک حریت کے رہنماء محمد یوسف مکرو کی قیادت میںریاض احمد، سبزار احمد، عاشق حسین، مظفر احمد اور غلام جیلانی پر مشتمل ایک وفد نے شہید منظور الاسلام کے والد کی وفات پر اُن کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر محمد یوسف مکرو نے مرحوم کی بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعاکی ۔

متعلقہ عنوان :