اوپن یونیورسٹی میں ’’عشرہ نجات: قرآن مجید اور سیرت طیبہ کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر لیکچر تقریب 20 جون کو ہو گی

جمعہ 16 جون 2017 16:37

اوپن یونیورسٹی میں ’’عشرہ نجات: قرآن مجید اور سیرت طیبہ کی روشنی میں‘‘ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ فکر اسلامی تاریخ و ثقافت ،ْ کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام پیام رمضان پروگرام کے تحت ’’عشرہ نجات: قرآن مجید اور سیرت طیبہ کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر لیکچر تقریب 20 جون کو ہو گی۔ ڈائریکٹر جنرل دعوة اکیڈمی بین الاقوامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سہیل حسن تقریب کے کلیدی مقرر ہوں گے جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی تقریب کی صدارت کریں گے۔

(جاری ہے)

تقریب سے کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین ڈاکٹر محی الدین ہاشمی بھی خطاب کریں گے۔ ملک کے 44 اہم شہروں میں اوپن یونیورسٹی کے قائم علاقائی دفاتر میں طلباء و طالبات کے درمیان رمضان کے حوالہ سے اہم موضوعات پر تقاریر ،ْ نعت خوانی اور خطاطی کے مقابلوں کا آغاز بھی ہو چکا ہے ،ْ ان مقابلوں میں کامیاب طلباء کے درمیان دوسرے مرحلے میں مقابلے صوبائی سطح پر ہوں گے جبکہ تیسرے مرحلے میں قومی سطح کے مقابلے اسلام آباد میں قائم یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقد کئے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں کامیاب طلباء و طالبات کو قومی سطح کے مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔