نئے قواعد و ضوابط کے تحت درخواست گزار تمام آئی این جی اوز کی حتمی رجسٹریشن کا عمل آئندہ ماہ تک ہر صورت مکمل کیا جائے، چودھری نثار

نئے نظام کے تحت آئی این جی اوز کی رجسٹریشن کے عمل کی تکمیل اہم سنگِ میل ثابت ہوگی ،نظام میں مکمل شفافیت آئیگی جو ملکی سیکیورٹی اور سلامتی کیلئے نہایت اہم ہے، وزیر داخلہ کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 16 جون 2017 19:49

نئے قواعد و ضوابط کے تحت درخواست گزار تمام آئی این جی اوز کی حتمی رجسٹریشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2017ء)وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ نئے قواعد و ضوابط کے تحت درخواست گزار تمام آئی این جی اوز کی حتمی رجسٹریشن کا عمل آئندہ ماہ تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ نئے نظام کے تحت آئی این جی اوز کی رجسٹریشن کے عمل کی تکمیل اہم سنگِ میل ثابت ہوگی جس سے نظام میں مکمل شفافیت آئیگی جو کہ پاکستان کی سیکیورٹی اور سلامتی کیلئے نہایت اہم ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزارتِ داخلہ میں آئی این جی اوز کی رجسٹریشن کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، ایڈوکیٹ جنرل، چیئرمین نادرا، ڈپٹی چیئرمین اور وزارتِ داخلہ اور نادرا کے سینئر افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیرِ داخلہ نے کہ نئے نظام کا مقصد جہاں آئی این جی اوز سے متعلقہ تما م امور میں شفافیت لانا ہے وہاں حکومت اور غیر حکومتی اداروں کی پارٹنر شپ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے وزارتِ داخلہ کے حکام کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن کے عمل کی تکمیل کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ رجسٹرڈ شدہ تمام غیر حکومتی بین الاقوامی اداروں کو حکومت کی طرف سے تمام ممکنہ سہولیات بہم پہنچائی جائیں اور انکے کام کو مزید آسان بنایا جائے۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ماضی میں آئی این جی اوز کو جن مقاصد کے لئے استعمال کیا جاتا رہا اور جس طرح یہ پورا عمل عدم توجہ کا شکار رہا اس سے نہ صرف آئی این جی اوز کی اپنی ساکھ متاثر ہوئی بلکہ حکومت اور ان اداروں کے درمیان بھی اعتماد کا فقدان پیدا ہوا اور جس سے متعدد غلط فہمیوں نے جنم لیا۔

نئے نظام کے تحت آنے والی شفافیت نہ صرف ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کرنے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ اس سے حکومت اور آئی این اوزکے باہمی اعتماد کی بحالی اور سماجی اور معاشی شعبوں میں مل کر کام کرنے کی فضاہموار ہوگی۔ وزیرِ داخلہ نے ہدایت کی وزارتِ داخلہ میں نادرا کی مدد سے آئی این جی اوز ونگ کو مزید فعال اور متحرک بنایا جایا اور وزارت اور ان اداروں کے درمیان باہمی روابط کو مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ آئی این جی اوز سے متعلقہ امور کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے اور سرخ فیتے کا مکمل طور خاتمہ کیا جا سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 66انٹرنینشنل این جی اوز کو باقاعدہ منظوری دی جا چکی ہے جبکہ دیگر درخواستوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیرِ داخلہ نے آئی این جی اوز سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام دورخواست گزار آئی این جی اوزکے سابقہ پراجیکٹس، کارکردگی اور اسکے سماجی و معاشی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلوں کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

آج منعقد ہونے والے اجلاس میں مزید چار آ?ی این جی اوز کو منظوری جبکہ دس کو ریجسٹریشن کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید 36آئی این جی اوز پرفیصلہ ہونا باقی ہے جوکہ اگلے مہینے میں مکمل کر لیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جن آئی این جی اوز کو کام کرنے سے روک دیا جائے گا انکو تین ماہ کی رعایتی مدت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے جاری منصوبے مکمل کر سکیں۔