چیمپئنر ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے-شہریوں کا والہانہ استقبال‘کراچی میں کپتان سرفرازاحمد کے گھر کے باہر میلے کا سماں‘ملی نغموں اورپاکستان زندہ باد کے نعروں سے ایئرپورٹس گونج اٹھے- چیمپئنز ٹرافی میں فتح ،ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ ہے،اہل وطن کو مبارک ہو،دعائیں رنگ لے آئیں-سرفرازاحمد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 20 جون 2017 12:21

چیمپئنر ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے-شہریوں کا ..
کراچی/لاہور/سیالکوٹ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جون ۔2017ء)چیمپئنر ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ہے۔کپتان سرفراز احمد اورفاسٹ بولر رومان کراچی‘احمد شہزاد، حسن علی، بابر اعظم اور فہیم اشرف 3 ٹیم آفیشلز کے ہمراہ لاہور‘ قومی ٹیم کے اوپنرفخرزمان پشاور جبکہ شاداب خان اور عماد وسیم اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے- قومی ہیروز کو دیکھ کر وہاں موجود لوگ بھی جذباتی ہوگئے اور ایئرپورٹس پر پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان کے ملی نغموں سے گونج اٹھے۔

اس موقع پرعوام نے قومی ہیروز کے ساتھ سیلفیاں لیں اور وڈیوز بنائیں۔ بعد ازاں سرفراز احمد اپنے گھر پہنچے تو قومی جوش و جذبے سے لبریز عوام کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

(جاری ہے)

پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں فتح ،ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ ہے،اہل وطن کو مبارک ہو،دعائیں رنگ لے آئیں۔چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں بھارتی ٹیم کو عبرت ناک شکست دینے والے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمدنے کراچی میں اپنی رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہرشعبے میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے ٹیم کی فتح ہوئی۔

لڑکے جس طرح کھیلے ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، یہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا اشارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پہلے میچ میں لڑکے بہت دباﺅ میں آگئے تھے۔ٹیم انتظامیہ مینجمنٹ نے بہت محنت کی اور ٹیم نے کم بیک کیا۔سینئرز نے زبردست پرفارم کیا،آنے والے وقت میں مزید اچھی پرفارمنس دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد ہماری فیلڈنگ، بیٹنگ، بولنگ سب میں بہتری آئی۔

اچھی بات ہے کہ عوام ٹیم کو بہت زیادہ سپورٹ کرتی ہے، زیادہ سے زیادہ کوشش کررہے تھے کہ سوشل میڈیا سے دور رہیں۔قبل ازیںکپتان سرفرازاحمد اور رومان رئیس ایئرپورٹ لاﺅنج سے باہر آئے تو گورنر سندھ زبیر احمد اور میئر کراچی وسیم اختر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔پھولوں کے ہار پہنائے اور اجرک پیش کی گئی۔ ا س موقع پر صوبائی وزیر کھیل اور دیگر وزرا موجود تھے۔

قومی ہیرو کو دیکھ کر ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا۔لوگوں نے قومی ہیروز کے ساتھ تصاویر بنوائیں او رسیلفیاں لیں۔سرفرازاحمد اپنے گھر بفرزون پہنچے تو اس موقع پر محلے میں جشن کا سماں تھا، سرفراز احمد کے گھر پر مداحوں کا سمندر امڈ آیا۔ مداح کپتان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے چھتوں تک پر موجود تھے۔

سرفراز احمد نے گھر کی بالکونی سے مداحوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور انہیں ٹرافی دکھائی۔مداحوں کی جانب سے ”موقع موقع“ گانے پر سرفراز احمد نے بھی ان کا ساتھ دیا۔سرفرازنے اپنی رہائش گاہ سے سے مداحوں کو آئی سی سی چیمئپنز ٹرافی 2017 کی ٹرافی دکھائی ۔اس سے کچھ ہی دیر قبل قومی کرکٹ ٹیم کے چار کھلاڑی احمد شہزاد، حسن علی، بابر اعظم اور فہیم اشرف 3 ٹیم آفیشلز کے ہمراہ دبئی سے لاہورپہنچے۔

ان کا استقبال وزیر کھیل رانا مشہود احمد اور میئر لاہور نے کیا۔ ایک سنچری اوردو ففٹیاں بنانے والے قومی ٹیم کے اوپنرفخرزمان پشاورایئرپورٹ پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، جس کے بعد وہ اپنے آبائی علاقے کاٹلنگ روانہ ہوگئے۔ گھر پہنچنے پر بھی فخر زمان کا شاندار انداز میں استقبال کیا گیا۔دوسری جانب شاداب خان اور عماد وسیم اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے لیکن صورت حال اس وقت بدمزگی کا شکارہوئی جب دونوں قومی پیروز کے گھر والوں کو ہی راول لاو¿نج میں جانے نہیں دیا گیا۔

اس موقع پر شاداب کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ہی بھائی کے استقبال کے لئے جانے نہیں دیا جارہا، انتظامیہ کو کئی بار بتایا کہ شاداب ہمارا بھائی ہے مگر کوئی نہیں سن رہا۔آئی سی سی میگا ایونٹ کے پلئیرز آف دی ٹورنامنٹ حسن علی بھی اپنے آبائی علاقے پہنچ گئے ہیں، جہاں لوگوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ نوجوانوں نے قومی ہیرو کو دیکھتے ہی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے شروع کردئے۔ اس کے علاوہ حارث سہیل بھی سیالکوٹ پہنچ گئے ہیں۔واضح رہے کہ شعیب ملک، محمد حفیظ، جنید خان اور اظہر علی اب بھی نجی مصروفیات کی وجہ سے برطانیہ میں موجود ہیں۔