تصویر لیک معاملہ ; سپریم کورٹ نے حسین نواز کی درخواست مسترد کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 20 جون 2017 14:01

تصویر لیک معاملہ ; سپریم کورٹ نے حسین نواز کی درخواست مسترد کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2017ء) :حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کے معاملے پر حسین نواز کی درخواست پر سپریم کورٹ نے فیصلہ جاری کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حسین نواز نے جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کی تصویر لیک ہونے اور کارروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی ۔جس میں انہوں نے تصویر لیک ہونے کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کی انکوائری کی استدعا کی تھی۔

اس درخواست پر سپریم کورٹ کے تین رکنی خصوصی عملدرآمد بنچ نے سماعت کی ۔ جس میں حسین نواز کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ میں فیصلہ جسٹس اعجاز افضل نے پڑھ کر سنایا ۔عدالت کا کہنا تھا کہ تصویر لیک معاملے میں ذمہ داروں کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔تصویر لیک کرنے والے شخص کو واپس اپنے محکمے بھیج دیا گیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ریکارڈ کی درستی کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال قانون میں ممنوع نہیں ہے۔

ٹیکنالوجی کے استعمال سے کسی کا بنیادی حق متاثر نہیں ہوتا۔لہٰذا درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ سپریم کورٹ کے خصوصی عملدر آمد بنچ نے جے آئی ٹی کو آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کی اجازت دے دی۔ سپریم کورٹ نے خواجہ حارث کے دلائل مکمل ہونے پر حسین نواز کی درخواست پر فیصلہ 14جون کو محفوظ کیا تھا۔