پنجاب اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشیں، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

منگل 20 جون 2017 23:36

پنجاب اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشیں، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
لاہور/فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) لاہور، فیصل آباد اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش، بجلی کا نظام درہم برہم، کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے، مختلف حادثات میں 3افراد جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔

لاہور میں افطار کے بعد تیز آندھی کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی برسی۔ تیز آندھی اور بارش نے جہاں روزہ داروں کا لطف دوبالا کیا وہیں لیسکو حکام نے یک بار پھر متعدد علاقوں کو تاریکی میں گم کرکے شہریوں کا مزہ کرکرا کر دیا۔ لاہور میں بارش کے بعد کینال روڈ، ازمیر ٹان، کھوکھر چوک سمیت متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہو گئی ہے جس سے شہریوں کو نماز تراویح کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

شورکوٹ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے سات افراد زخمی ہو گئے۔ میرپور میں بھی طوفانی بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ احمد پور سیال میں طوفانی بارش سے کالج کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ میاں چنوں میں بھی بارش کے باعث درخت گرنے سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد اور اس کے گردو نواح میں بھی تیز آندھی آئی اور پھر موسلا دھار بارش نے شہریوں کا مزہ دوبالا کر دیا۔