پنجاب بھر میں آندھی اور تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری -مختلف حادثات میں 2خواتین سمیت 5افراد جاں بحق اور 7افراد زخمی ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 جون 2017 11:20

پنجاب بھر میں آندھی اور تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جون ۔2017ء) پنجاب بھر میں آندھی اور تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،مختلف حادثات میں 2خواتین سمیت 5افراد جاں بحق اور 7افراد زخمی ہوگئے۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی، خوشاب، بھکر، وہاڑی، راجن پور اور بہاولنگر سمیت مختلف اضلاع میں تیز ہواﺅں اور آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ہے۔

آندھی اور بارشوں سے مختلف مقامات پر حادثات بھی رونما ہوئے، جھنگ کے علاقے احمد پور سیال میں دیوار گرنے سے 3افراد جبکہ شور کوٹ اور دنیا پور میں 2 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔راجن پور میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے پر موسلادھار بارش سے رودکوہی نالوں میں طغیانی کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے،بارش کے بعد فیڈر ٹرپ کرنا تو جیسے معمول بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

فیسکو ریجن کے اضلاع سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، جھنگ، شور کوٹ اور فیصل آباد میں 90فیڈر ٹرپ کر گئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی جہاں رات بھر بارش جاری رہی وہیں کئی علاقوں میں فیڈرٹرپ کرجانے سے لوگوں کو سحری کے وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا-محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔