چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مصالحت کرانے کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کردیا-چینی وزیرخارجہ 24جون کو اسلام آباد پہنچیں گے‘پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کے بعد کابل کا دورہ کریں گے-چین کے وزیرخارجہ کا یہ اہم ترین دورہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان صورتحال بہتر بنانے کے لئے بہت اہم ہے -ماہرین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 جون 2017 12:24

چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مصالحت کرانے کیلئے عملی کوششوں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جون ۔2017ء) چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مصالحت کرانے کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کردیا ہے - اس سلسلے میں چین کے وزیرخارجہ وانگ یی دو روزہ دورے پر 24جون کی شام اسلام آباد پہنچ رہے ہیں،وہ بعد ازاں کابل بھی جائیں گے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چین کے وزیرخارجہ کا یہ اہم ترین دورہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان صورتحال بہتر بنانے کے لئے بہت اہم ہے -خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکہ کی طرف سے ٹرمپ انتظامیہ کے اقتدار میں آنے کے چھ ماہ بعدبھی خطے کے حوالے سے پالیسی واضح نہ کرنے کی وجہ سے پیداشدہ کنفیوژن صورتحال کو مزید خراب کر رہی ہے -سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل اور اسلام آباد میں اختلافات اس قدر ہیں کہ اگر دونوں ممالک کی دوطرفہ ملاقات میں ایک طرف سے کسی چیز کو سفید کہا جائے تو دوسرا اسے سیاہ کہتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی باہمی کوششوں سے پیدا نہیں ہوسکتی-ان سب پہلووں کو سامنے رکھتے ہوئے چین نے خطے میں بہتر اور موزوں ماحول پیدا کرنے کے لئے ثالثی کا عمل شروع کیا ہے جس کا پاکستان پہلے ہی خیرمقدم کرچکا ہے۔ چین کے وزیرخارجہ اپنے دورے کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے ، اس کے علاوہ صدر مملکت ممنون حسین سے بھی ملاقات متوقع ہے۔