ہمارے تمام مسائل اورپریشانیوں کاحل قرآن پاک کی تعلیمات میں مضمر ہے، ڈاکٹر فضل احمد خالد

جمعہ 23 جون 2017 16:15

ہمارے تمام مسائل اورپریشانیوں کاحل قرآن پاک کی تعلیمات میں مضمر ہے، ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2017ء) وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا ہے کہ ہمارے تمام مسائل اورپریشانیوں کاحل قرآن پاک کی تعلیمات میں مضمر ہے۔ قرآن سے رہنمائی لیتے ہوئے بحیثیت مسلمان ہمیں دنیا وآخرت میں کامیابی کے لئے جستجوکرنی چاہئے۔ جامع مسجد یوای ٹی میں تکمیل قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن مجید قیامت تک پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے، اس میں عصر حاضر کے تمام سلگتے مسائل اور قیامت خیر پریشانیوں کا حل موجود ہے۔

قرآن کتاب اللہ اورکلام اللہ ہے اس کے پڑھنے اور پڑھانے والے دونوں سعادت مند ہیں۔ رمضان کی مبارک گھڑیوں میں اپنے ملک اور اپنی جامعہ کی ترقی واستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کو دلجمعی سے تحصیل علم کی ترغیب دی اور کہا کہ قرآن کا مطالبہ ہے لوگ اس کے قریب آکر اپنے مسائل کا حل اس میں تلاش کریں، اس کو صرف طاقوں میں سجاکر نہ رکھیں بلکہ اس کے تقاضوں پر عمل کریں، اس کو اپنی عملی زندگی میں لائیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر حافظ محمد شہباز حسن نے خطاب کیا اور کہا کہ تمام انسان اشرف المخلوقات ہیں لیکن جو قرآن سے وابستہ ہیں وہ ان میں اشرف ترین ہیں، اللہ کے یہاں قرآن سے تعلق رکھنے والے روئے زمین میں سب سے معزز و محترم ہوں گے، اس موقع پر حاضرین کے سامنے قرآن کی عظمت و اہمیت اور اس کے تقاضوں پر تفصیلی گفتگو کی اور لوگوں سے قرآن کو اپنی زندگیوں میں رچانے بسانے کی تلقین کی، انھوں نے کہا کہ حفظ قرآن کا فائدہ صرف حافظ تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس سے اس کے گھر والے، اباء و اجداد، اساتذہ کرام، سرپرست اور قریبی رشتہ دار پر بہرہ ور و سرفراز ہوتے ہیں، اس کی برکت کسی نہ کسی طور پر تمام متعلقین پر پہنچتی ہے تمام پریشانیاں خود بخود دور ہوجائیں گی اور حد درجہ تسکین و اطمینان کا ماحول قائم ہوگا۔

تقریب میں قاری محمد عمران اور قاری محمد حسین کو وائس چانسلر نے تحائف پیش کیے ۔تقریب میں چیئرمین اسلامک سٹڈیز ڈاکٹر عرفان خالد ڈھلوں، ڈاکٹر رانا تنویرقاسم، ڈاکٹر عتیق الرحمن، ڈاکٹر حافظ شہباز حسن ،ڈاکٹر زاہد لطیف، سید محمد ندیم شاہ سمیت اساتذہ وملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :