ْمقبوضہ کشمیر، نوجوانوں کی شہادت پر زبردست مظاہرے، شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

جمعہ 23 جون 2017 19:03

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں لوگوں نے بھارتی فوجیو ں کے ہاتھو ں ضلع پلوامہ کے علاقے کاکہ پورہ میں چار نوجوانوں کی شہادت پر جمعہ کو نماز کے بعد زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر، سوپور، پلوامہ ، اسلام آباد، بانڈی پورہ، بارہمولہ، بڈگام اور دیگر علاقوں میں لوگوں نے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے۔

سوپور میںنوجوانوں اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں جبکہ قابض اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ یادر ہے کہ احتجاجی مظاہروں کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ضلع بانڈی پورہ کے علاقے اجس میں سینکڑوں لوگوں نے علاقے کی جامع مسجد کے احاطے میں کاکہ پورہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھی ۔

انہوں نے بعد میں ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی اور بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔ واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ کے علاقے کاک پورہ میں جمعرات کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران عبدالمجید، شارق احمد اور ارشاد احمد نامی نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ فوجیوں نے اسی روز نوجوانوں کی شہادت پر کاک پورہ میں مظاہرے کرنے والوں پر فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید کر دیاتھا۔