کاشتکار دالوں کی ڈرل سے لائنوں پر کاشت اور بوقت کاشت فاسفورس کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کریں،ترجمان محکمہ زراعت

ہفتہ 24 جون 2017 15:11

کاشتکار دالوں کی ڈرل سے لائنوں پر کاشت اور بوقت کاشت فاسفورس کے استعمال ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2017ء)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاہے کہملکی خودانحصاری کی منزل کے حصول کیلئے دالوں کی پیداوار میں اضافہ انتہائی نا گزیر ہے لہٰذا کاشتکار دالوں کی ڈرل سے لائنوں پر کاشت اور بوقت کاشت فاسفورس کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کریں ۔انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت کا "دالوں کی پیداوار میں اضافہ کا منصوبہ" دالوں کی پیداوار میں اضافہ، ملکی خود کفالت اور درآمد پر انحصار کے خاتمہ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ کاشتکار دالوں کی کاشت کو گھریلو سطح پر فروغ دیں اور بھرپور پیداوار کے حصول کو یقینی بنائیں کیونکہ اس سے کاشتکاروں کی گھریلو اور ملکی ضرورت پورا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوںنے کہا کہ محکمہ زراعت حکومت پنجاب کے مذکورہ منصوبہ کے تحت دالوںکی ترقی دادہ اقسام کے تصدیق شدہ بیج ، ڈرل سے لائنوں میں کاشت، جڑی بوٹی مار ادویات کے استعمال اور دالوں کی مخلوط کاشت کے لیے ماہرین کی زیر نگرانی کاشتکاروں کو مکمل آگاہی اور رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت دالوں کی پیداواری ٹیکنالوجی کی کاشتکاروں کو ترغیب کیلئے نمائشی پلاٹس لگائے گئے ہیں جہاں سے ریکارڈ پیداوار حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو رعایتی قیمت پر پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ مونگ، ماش اور مسور کا بیج بھی فراہم کیا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ربیع اور خریف کی دالوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی تربیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نمائشی پلاٹس پر استعمال ہونے بیج ، جڑی بوٹی مار ادویات اور جراثیمی ٹیکے کے اخراجات حکومت پنجاب برداشت کررہی ہے۔