اعلیٰ تعلیمی کمیشن ژوب اور ڈیرہ مراد جمالی میں دو جامعات میں کالجز قائم کرے گا

جمعہ 30 جون 2017 16:44

اعلیٰ تعلیمی کمیشن ژوب اور ڈیرہ مراد جمالی میں دو جامعات میں کالجز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2017ء) اعلیٰ تعلیمی کمیشن بلوچستان کے علاقوں ژوب اور ڈیرہ مراد جمالی میں دو جامعات کے اندر کالجز قائم کرے گا۔ اس حوالے سے حال ہی میں پلاننگ کمیشن نے ایچ ای سی کی دو سفارشات کی منظوری دی ہے۔ یونیورسٹی کالج ژوب بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کوئٹہ کا جُزوی کالج ہوگا جہاں بزنس ایڈمنسٹریشن، اکنامکس، کمپیوٹر سائنسز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مضامین میں چار سالہ ڈگری پروگراموں میں داخلہ پیش کیا جائے گا۔

کالج کے لئے حکومت بلوچستان کی جانب سے سو ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے کالج کا انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔ دوسرا کالج ڈیرہ مراد جمالی میں تعمیر کیا جائے گا جو لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز اُتھل کا جُزوی کالج ہو گا۔

(جاری ہے)

اس کالج میںابتدائی طور پر ایگریکلچر سائنسز، انوائرمینٹل سائنسز، ایجوکیشن، سوشیالوجی اور کپمیوٹر سائنسز کے پروگرامز آفر کئے جائیں گے۔

کالج میں لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور فوڈ سائنسز میں ڈپلومہ کورسز بھی کرائے جائیں گے۔ حکومتِ بلوچستان نے کالج کی تعمیر کے لئے 500 ایکڑ زمین کی تخصیص کی ہے تاہم ایچ ای سی کالج کا انفراسٹرکچر تعمیر کرے گا۔ کالج اپنے علاقے کا ماڈل کیمپس ہو گا جہاں مطلوب ترین ٹیکنالوجیز اور تحقیق پر مبنی مطالعہ جات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ابتداء میں ایچ ای سی عارضی عمارت کے لئے ضروری تعلیمی سہولیات مہیا کرے گا تاکہ کلاسز کا اجراء کیا جا سکے۔ تاہم مستقل کیمپس میں 800 سے ایک ہزار طلباء کے لئے لائبریری، میڈیکل، کھیل ، کیفے ٹیریا اور دیگر سہولیات کی فراہمی بعد میں یقینی بنائی جائے گی۔