جرمن سیاستدانوں کے بیانات دہرے معیار کا ٹھوس ثبوت ہیں،ترکی

جمعہ 30 جون 2017 16:44

جرمن سیاستدانوں کے بیانات دہرے معیار کا ٹھوس ثبوت ہیں،ترکی
استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2017ء) ترکی نے کہا ہے کہ جرمن سیاستدانوں کے صدر رجب طیب اردوان کے بارے میں اعلانات یورپ میں جاری دہرے معیار کا ٹھوس مظہر ہیں۔ جمعہ کو عالمی میڈیا نے ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم قالن کے حوالہ سے بتایا کہ صدر اردوان کے جی۔20 سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے جرمن شہر ہامبرگ کے دورے سے قبل بعض جرمن سیاستدانوں کے اشتعال انگیز بیانات ناقابل قبول ہیں۔

قالن کا کہنا ہے کہ ہر موقع پر ڈیموکریسی، انسانی حقوق اور آزادی کے موضوعات پر ترکی کو لیکچر دینے کے درپے ہونے والے دہشت گرد تنظیموں، ترکی میں بغاوت کرنے والی فیتو کے ارکان اور قانون توڑنے والوں کی سر پرستی کر رہے ہیں۔ صدر کو ترک تارکین ِ وطن سے ملاقات کرنے سے روکنے کی کوششیں یورپ میں اب زور پکڑنے والے دہرے معیار کا کھلم کھلا ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ تمام تر منفی واقعات اور پیش رفت کے باوجود ترک صدر نے یورپ کے ساتھ ترکی کے تعلقات میں تعمیری مؤقف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا تاہماس کے باوجود ہمارے صدر کی ترک تارکین وطن سے ملاقات میں رکاوٹیں کھڑی کرنا دوستی اور اتحادی تعلقات سے بھی ہم آہنگ نہ ہونے والا ایک رویہ ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ جرمن ادارے ترکی میں صدارتی ریفرنڈم کے دوران سر زد کردہ غلطیوں کو اب نہیں دہرائیں گے اورترک جرمن تعلقات کو قلیل المدتی انتخابی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھایا جانا چاہئیے۔

متعلقہ عنوان :