چیف آف آرمی اسٹاف کا دورہ پارا چنار، آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال، حالیہ دہشت گرد واقعات پر بریفنگ، آرمی چیف کی مقامی عمائدین اور دھرنے کے نمایندوں سے ملاقات، دھماکے کی جگہ مجمعے پر ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ کی تحقیقات ہوگی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعہ 30 جون 2017 19:07

چیف آف آرمی اسٹاف کا دورہ پارا چنار، آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال، ..
پاراچنار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30جون۔2017ء) آرمی چیف نے آج پاراچنار کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف آج صبح پاراچنار پہنچے۔ جہاں اُنہیں سیکورٹی صورتحال، حالیہ دہشت گرد واقعات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے مقامی عمائدین اور دھرنے کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔ آرمی چیف نے پارا چنار دھماکوں کے شہداکے لیےدعا کی۔ آرمی چیف نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور دھرنے کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بیرون ملک تھا،واپسی پر خراب موسم کے باعث دورہ پاراچنار میں تاخیر ہوئی۔ یقین کیجیے مجھے بہت دکھ ہے کہ کسی کا بھائی اور بیٹا چلاگیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ جب دھماکا ہوا تومیں ترکی میں تھا، اسی رات واپس پہنچ گیا۔

دھماکےکےمقامی سہولت کاروں کو پکڑ لیا انکا مقدمہ فوجی عدالتوں میں چلےگا۔ہرپاکستانی میرے لیے برابر ہے چاہے وہ غیرمسلم ہی ہو۔ پارا چنار پاکستان کا حصہ ہے ایک ایک انچ اور ایک ایک فرد ہمارے لیے اہم ہے۔ واقعےمیں ملوث عناصرکاٹرائل ملٹری کورٹ میں کیاجائےگا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے دھرنا نمائندگان کو یقین دہانی کروائی کہ دھماکے کی جگہ مجمعے پر ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ کی تحقیقات ہوگی۔

مجمعے پر فائرنگ کے ذمے داروں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ آرمی چیف نے بتایا کہ ایف سی کمانڈنٹ  پاراچنارکوتبدیل کردیاگیا۔ سیکیورٹی  کیلیے پارا چنار میں اضافی نفری بھیجی جارہی ہے ۔ فوج پارا چنار میں ٹراما سینٹر بنائے گی ، فوج فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے عمل کی حمایت کرتی ہے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ ملک میں حالات معمول پر لانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ افغانستان کی طرف سے بھی خطرات ہیں جہاں داعش مستحکم ہورہی ہے۔ ہم نے بحیثیت قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بےپناہ قربانیاں دیں۔ ہم دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ جیتیں گے۔