پانامہ لیکس کی جے آئی ٹی فکس میچ ہے اور کچھ لوگ چوکیدار کا کردار ادا کر رہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو ریمنڈ ڈیوس نہیں بننے دیں گے،۔ چینی اور سموسوں کی قیمتوں پر سوموٹو ہوئے مگر کسی کو 100 لوگوں کو گولیاں مارنا نظر نہ آیا، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا تقریب سے خطاب

جمعہ 30 جون 2017 22:20

پانامہ لیکس کی جے آئی ٹی فکس میچ ہے اور کچھ لوگ چوکیدار کا کردار ادا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جون2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شہدائے ماڈل ٹائون کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس کی جے آئی ٹی فکس میچ ہے اور کچھ لوگ چوکیدار کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔جے آئی ٹی میں آئندہ الیکشن کی حکمت عملی بن رہی ہے ۔بے عزتی اس کی ہوتی ہے جس کی کوئی عزت ہو،حکمران عزت بے عزتی کو مشروب سمجھ کر روز پیتے ہیں،ملک میں رول آف لاء ہوتا تو شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء 3سال بعد بھی انصاف سے محروم نہ ہوتے مجھے علم ہے کہ ان اداروں سے انصاف نہیں ملے گا مگر انصاف کی جدوجہد کرتے کرتے اس دنیا سے جائوں گا اور میری آئندہ نسلیں بھی سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف مانگے گی۔

سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو ریمنڈ ڈیوس نہیں بننے دیں گے۔

(جاری ہے)

چینی اور سموسوں کی قیمتوں پر سوموٹو ہوئے مگر کسی کو 100 لوگوں کو گولیاں مارنا نظر نہ آیا۔ملک میں پارلیمنٹ کو بے آواز کر دیا گیا ،اداروں کی عزت رول آف لاء سے ہوتی ہے ۔آخری سانس تک سانحہ ماڈل ٹائون کا کے شہداء کا انصاف مانگیں گے ۔اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق شہدائے ماڈل ٹائون کی یاد میں منعقدہ تقریب سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر الزمان کائرہ،میاں منظور احمد وٹو،اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید،اعجاز چوہدری،فردوس عاشق اعوان ،خرم نواز گنڈا پور ،رفیق نجم نے خطاب کیا ۔

قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو سلام پیش کرتے ہیں جو ڈٹ کر ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دے رہے ہیں،ڈاکٹر طاہر القادری کی ظلم کیخلاف سیاسی جدوجہد بڑی طویل ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ اللہ کی پکڑ ہے کہ حکمران خاندان کا بچہ بچہ ماتحت افسران کی جے آئی ٹی میں پیش ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جمشید دستی کا قصور یہ ہے کہ وہ مزدور گھر کا بیٹا ہے اور انکے برابر اسمبلی میں آکر بیٹھ گیا ،ظلم اور تشدد انکا مائنڈ سیٹ ہے۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہاکہ میاں شہباز شیرف اور رانا ثناء اللہ سونے کیلئے نیند کی گولیاں کھاتے ہیں مگر بے گناہوں کا خون انہیں سونے نہیں دیتا ۔انہوں نے کاہکہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک ہونی چاہیے۔17جون 2014 کے دن رانا ثناء اللہ نے سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے جتنے جھوٹ بولے تھے وہ آج سب بے نقاب ہو چکے ہیں،میاں منظور احمد وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہدائے ماڈل ٹائون کے حق میں پاکستان کی ہر سیاسی جماعت ،مکتب فکر اور دانشوروں نے احتجاج کیا پھر بھی انصاف کا نہ ملنا المیہ ہے،ہم ڈاکٹر طاہر القادری کے کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

اعجاز چوہدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون کے مظالم سیاہ باب ہیں۔میں انصاف کیلئے اپنی جان دینے کیلئے بھی تیار ہوں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام کا ماڈریٹ ویثرن دیا ہمیشہ امن ،محبت کا درس دیا انکے لوگوں کو قتل کرنا بربریت اور یزیدیت ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام رہنمائوں نے ڈاکٹر طاہر القادری اور شہدا کے ورثاء کے ہمراہ یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور دعائے مغفرت کی۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اتمام حجت کیلئے عدل کی زنجیر ہلارہے ہیں،انصاف کیلئے قصاص تحریک کا دوسرا اور تیسرا رائونڈ ابھی باقی ہے، قاتلوں کے چہرے بھولے نہ شہداء کا خون۔ 14 بے گناہ شہریوں کے قاتل حکومت میں بیٹھے ہیں اس لیے قانون نے اپنی آنکھوں پر ہاتھ رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے سانحہ کی درج کی گئی جھوٹی ایف آئی آر کو پولیس کی اپنی جے آئی ٹی نے ناقص قرار دیا اس کے باوجود ہمارے 42 کارکنوں کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں 3 سال سے گھسیٹا جارہا ہے، شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو شفاف تحقیق کیلئے غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل کے حق سے محروم رکھا گیا اور جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک بھی نہیں کی جارہی ، اس جوڈیشل رپورٹ کی کاپی کے حصول کیلئے پونے تین سال سے لاہور ہائیکورٹ میں بیٹھے ہیں مگر ہاں یا ناں میں کوئی فیصلہ نہیں مل رہا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ قانون مقتولوں کے بجائے قاتلوں کا تحفظ کررہا ہے، انصاف اور تفتیش کے ادارے مظلوموں کی بجائے ظالموں کی ڈھال بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے غیور اور غیرت مند غریب کارکنوں نے حکومت کی کروڑوں کی پیشکش کو پائوں کی ٹھوکر مار دی۔ان کا آج بھی مطالبہ ہے کہ ہمیں قصاص کی شکل میں انصاف چاہیے۔ تقریب میں بریگیڈئر(ر) فاروق حمید،فیاض وڑائچ، بریگیڈئر(ر) محمد مشتاق،میاں محمد منیر،علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،حافظ محمد علی یزدانی،محترم پاسٹر سیموئیل شرکت کی۔مسیحی بھائیوں نے شہداء کی یادگار امن کی شمعیں روشن کر کے اظہار یکجہتی کیا ۔تقریب میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین،حماد مصطفی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔