بارانی علاقوں کے کاشتکار بارشوں کے دوران زمینوں میں وتر کو محفوظ کریں، زرعی ماہرین

ہفتہ 1 جولائی 2017 18:03

راولپنڈی۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2017ء)زرعی ماہرین نے بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کو مون سون کی بارشوں کے دوران زمینوں میں وتر کو محفوظ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ماہرین نے کہاکہ بارانی علاقوں میں فصلوں کی کاشت کا تمام تر دارومدار باران رحمت کے نزول پر ہے۔

(جاری ہے)

بارانی علاقوں میں فصلات کی کامیاب کاشت اور زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے بارشوں کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانا اور صحیح طریقہ سے استعمال کرنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

ان علاقوں میں ہونے والی سالانہ بارشوں کا دو تہائی حصہ موسم گرما میں اور ایک تہائی حصہ موسم سرما میں ہوتا ہے۔ حالیہ بارشوں کے وتر کو محفوط کرنے کے لئے ڈھلوان کی مخالف سمت گہرا ہل چلایا جائے، کھیتوں کو ہموار کیا جائے، وٹ بندی مضبوط کی جائے اور کھیت کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھا جائے۔ دیسی کھاد یا سبز کھاد کا استعمال بڑھایا جائے۔