آزاد کشمیر میں سرجیکل سٹرائیکس کیلئے 15 ماہ تک تیاری کی ،ْ سابق بھارتی وزیر دفاع کی پھر ہرزہ سرائی

برما کی سرحد پر جس دہشت گرد گروہ نے آرمی پر حملہ کیا تھا ان کے خلاف سرحد پار کامیاب کاروائی کی گئی ،ْ انٹرویو میں دعویٰ اگر اس طرح حکومتی فیصلہ سازی ہوتی ہے تو کیا ہمیں خود کو محفوظ تصور کرنا چاہیے ،ْ سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ

ہفتہ 1 جولائی 2017 22:20

آزاد کشمیر میں سرجیکل سٹرائیکس کیلئے 15 ماہ تک تیاری کی ،ْ سابق بھارتی ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2017ء) سابق بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہاہے کہ آزاد کشمیر میں سرجیکل سٹرائیکس کیلئے پندرہ ماہ تک تیاری کی گئی اور جب ایک صحافی نے اس حوالے سے ہتک آمیز سوال کیا تو انھوں نے وقت آنے پر اس کا جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سابق وزیردفاع کا کہنا ہے کہ جب انھوں نے وزاتِ دفاع کا چارج سنبھالا تو وزات کی بری حالت تھی اور افراتفری کا سما تھا۔

آزاد کشمیر میں انڈیا کی جانب سے کی جانے والی مبینہ سرجیکل سٹرائیکس کے حوالے سے منوہر پاریکر کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اضافی فوجیوں کو تربیت دی گئی۔سابق وزیرِ دفاع نے کہا کہ بھارت اور برما کی سرحد پر جب انھیں بھارتی فوجیوں پر حملے کی اطلاع ملی تو اس وقت بھی انھیں ایسا محسوس ہوا کہ جیسے ان کی ہتک کی گئی ہو۔

(جاری ہے)

سابق بھارتی منوہر پاریکر کے مطابق برما کی سرحد پر جس دہشت گرد گروہ نے انڈین آرمی پر حملہ کیا تھا ان کے خلاف سرحد پار کامیاب کاروائی کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہو منوہر پاریکر کا کہنا تھا کہ وہ ایک ٹی وی پروگرام دیکھ رہے تھے جس میں برما میں کی جانے والی کارروائی پر بات ہو رہی تھی جب ایک اینکر نے ایک سابق فوجی افسر سے سوال کیا کہ کیا آپ مغربی سرحد پر بھی ایسی کارروائی کرنے کی صلاحیت اور جرت رکھتے ہیں۔سابق وزیرِ دفاع کے بقول انھوں نے وہ سوال بہت غور سے سنا اور مناسب وقت پر اس کا جواب دینے فیصلہ کیا۔

ادھر مقبوضہ کشمیر سابق کٹھ پتلی وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے منوہر پاریکر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس طرح حکومتی فیصلہ سازی ہوتی ہے تو کیا ہمیں خود کو محفوظ تصور کرنا چاہیے۔سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں عمر عبداللہ نے لکھا کہ سرجیکل سٹرائیک اوڑی حملے کی وجہ سے نہیں بلکہ اس لیے کی گئی کیونکہ ایک وزیر سے کسی نے ہتک آمیز سوال پوچھا تھا ،ْ انسان اس بارے میں کیا کہے۔