مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی دنیا میں تاریخ نہیں ملتی،سرتاج عزیز

بھارتی ظلم و ستم پر بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، کلبھوشن پر آئی سی جے میں محدود بات ہو رہی ہے، پانامہ کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 1 جولائی 2017 23:16

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی دنیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2017ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی دنیا میں تاریخ نہیں ملتی۔ بھارتی ظلم و ستم پر بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ کلبھوشن پر آئی سی جے میں محدود بات ہو رہی ہے۔ پانامہ کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی دنیا میں تاریخ نہیں ملتی۔

بھارتی ظلم و ستم پر اب بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد جو مہم چل رہی ہے پہلے کبھی نہیں چلی تھی۔ برھان وانی کی شہادت کے حوالے سے پاکستان نے موثر انداز میں مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی جے میں کلبھوشن پر محدود بات ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی جے کا قانون پاکستان پر لاگو نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی متوازن ہے اور کشمیر سے متعلق پاکستان کی پالیسی واضح ہے۔

ہم کشمیر کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے واقعے کے وقت پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہت کشیدہ ہو چکے تھے ہم نہیں چاہتے کہ یورپ اور امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب ہوں۔ ایک سوال پر کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا ان کا کہنا تھا کہ امریکہ چین کی ابھرتی ہوئی طاقت سے خوفزدہ ہے ہم چین اور روس کیسساتھ اپنے تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔