فارما سوٹیکل انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، گورنر سندھ محمد زبیر

ہفتہ 1 جولائی 2017 23:18

فارما سوٹیکل انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے خصوصاً امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد اقتصادی شعبہ اور معیشت کے استحکام کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنیٹر عبدالحسیب خان سے ملاقات کے دوران کیا ، جنہوں نے گورنر ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 سال کے دوران معیشت کے ہر میدان میں بتدریج ترقی ہوئی ہے اور تمام شعبوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان اور انفرا اسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے جس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان جلد کراچی کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں گے ، جس میں صنعتی علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کی بحالی کا منصوبہ بھی شامل ہوگا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ صنعت کا ر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ٹیکس اصلاحات ، انفرااسٹرکچر سہولیات کی فراہمی اور دیگر مراعات کے ذریعہ انہیں صنعتی پیداوار کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی جانب توجہ دی جارہی ہے۔ گورنر سندھ نے کہاکہ فارما سوٹیکل شعبہ کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ صحت عامہ کو بہتر بنانے اور عوام کو ادویات کی فراہمی میں اس کا کردار ناگزیر اہمیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ تاکہ عوام کو معیاری اور مستند ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔ عبدالحسیب خان نے مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فارما سوٹیکل انڈسٹری کے مسائل کے حل سے عوام کو معیاری اور سستی ادویات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

متعلقہ عنوان :