چین کے صدر دوروزہ دورے پر آج ماسکو پہنچیں گے

دونوں رہنما سیاسی حکمت عملی اور تعاون کے فروغ کیلئے واضح طریقہ کار کا تعین کریں گے چینی صدر کے دورے سے چین روس تعلقات نئے دور میں داخل ہو جائیں گے، روسی وزیر

اتوار 2 جولائی 2017 12:50

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جولائی2017ء) چین کے صدر شی جن پھنگ کے آئندہ دورہ روس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو گا ، چینی صدر آج دوروزہ دورے پر روس روانہ ہو رہے ہیں ، اس دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پھنگ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے دوران دوطرفہ تعلقات کی ترقی،مقاصد کے حصول،آئندہ کی دوطرفہ سیاسی اعتماد کی حکمت عملی اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے واضح طریقہ کار کا تعین کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار روس کے وزیر اقتصادی ترقی میکسیم کوریشکن نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال دونوں ممالک نے تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کام شروع کیا جس کے باعث دوطرفہ تجارت میں 2.2فیصد کا اضافہ ہوا اور 69.5ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

چینی وزارت تجارت کے مطابق چین اس تجارتی حجم کو 2020ء تک 200ارب ڈالر تک لے جانا چاہتا ہے ، دونوں ممالک کو توقع ہے کہ چینی صدر کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے دوطرفہ سیاسی اور اقتصادی تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا ، دونوں ممالک چین کے تجویز کردہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو یوریشین اکنامک یونین تک لے جانے میں رضا مند ہو گئے ہیں ، یوریشین اکنامک یونین میں روس ، آرمینیا ، بیلارس ، قازقستان اور کرغزستان شامل ہیں ، دونوں ممالک کا خیال ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی توسیع سے ان علاقوں میں اشیاء، خدمات ،معاشی ترقی اور عوام کے اتحاد کو فروغ حاصل ہو گا ۔

چینی صدر کے دورے سے چین روس تعلقات نئے دور میں داخل ہو جائیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اعتماد میں مزید اضافہ ہو جائے گاجس کے عالمی سطح پر اور خطے کے ممالک پر گہرے اثرات مرتب ہو ں گے ۔

متعلقہ عنوان :