لاپتہ غیر ملکی کوہ پیماں کے زندہ بچنے کے امکانات معدوم ہوگئے،خراب موسم کے باعث تلاش روک دی گئی

اتوار 2 جولائی 2017 13:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جولائی2017ء) قاتل پہاڑ نانگا پربت سر کرنے کے دوران دو لاپتہ غیر ملکی کوہ پیماں کے زندہ بچنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں،خراب موسم کے باعث ارجنٹائنی اور اسپینش کوہ پیماں کی تلاش روک دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق تیرہ کوہ پیماں کی ٹیم نے قاتل پہاڑ نانگا پربت کو سر کرنے کی مہم کا آغاز گذشتہ ماہ کیا تھا۔

موسم کی خرابی کے باعث گیارہ کوہ پیما واپس چلاس بیس کیمپ آگئے تھے تاہم اسپین کے کوہ پیما البرٹو زیرین اور ارجنٹائن کے ماریانو گالون نے دوبارہ چوٹی سر کرنے کیلئے ایک مشکل ترین روٹ کا انتخاب کیا جس سے ابتک صرف ایک بارہی چوٹی سر کی جاسکی۔مہم جوئی کے دوران ان کا رابطہ اپنی ٹیم سے پچیس جون کو منقطع ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

کوہ پیماں کی تلاش کیلئے ریسکیو اور آرمی ہیلی کاپٹر بھیجے گئے مگر دونوں کوہ پیماں کے قدموں کے نشانات کے علاوہ اور کوئی سراغ نہیں ملا۔

ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان کے مطابق خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن تین روز سے معطل ہے اور تلاش کیلئے دو ہیلی کاپٹرز تیار کھڑے ہیں تاہم انتہائی خراب موسم اور آکسیجن ختم ہونے کے باعث دونوں کوہ پیماں کے زندہ ہونے کا امکان کم ہے۔ دنیا کی مشکل ترین چوٹی ہونے کی وجہ سے نانگا پربت کو قاتل پہاڑ بھی کہا جاتا ہے۔نانگا پربت سر کرنے کی کوشش میں ابتک کئی کوہ پیما اپنی جان گنوا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :