ریفنڈ سسٹم کو بہتر بنائے بغیر برآمدات کو بڑھانا ناممکن ہے،عاطف اکرام شیخ

اتوار 2 جولائی 2017 14:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2017ء) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان(ایف پی سی سی آئی) کی ریجنل کمیٹی برائے صنعت کے چئیرمین عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ریفنڈ سسٹم کو بہتر بنائے بغیر برآمدات کو بڑھانا ناممکن ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ ریفنڈ سسٹم سے برآمدکنندگان کو مشکلات کا سامنا ہے اور سب سے زیادہ ٹیکسٹائل کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ قانون کے مطابق پینتالیس دن کے اندر ریفنڈ کی ادائیگی لازمی ہے جس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ نظام کو فعال اور خودکار بنائے بغیر برآمدات میں اضافہ انتہائی مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفنڈ سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور برآمدکنندگان کو فوری طور پریفنڈ اداکئے جائیں۔ ریفنڈ کے نظام کو خود کار بنانے سے ملکی برآمدات زبردست اضافہ ہو جائے گا۔

ریفنڈز کے رکنے سے برآمدکنندگان کی استعداد متاثر ہوئی ہے اور بہت سے ایکسپورٹرز مزید آرڈر لینے کے قابل نہیں رہے اورچھوٹے برآمدکنندگان سمیت بڑے برآمد کنندگان کو بھی سرمائے کی قلت کے مسائل درپیش ہیں۔ برآمد کنندگان کے مسائل کے خاتمہ کیلئے ریفنڈز کے مسائل کا جلد از جلد حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔