ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا ، جن کا کتاب میں نام ہے ان سے پوچھا جائے ،شہباز شریف

ڈیوس کی دیت پنجاب حکومت نے نہیں دی، الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،ریمنڈ ڈیوس نے کتاب میں جن افراد کا ذکر کیا ہے میڈیا سوالات بھی انہی سے پوچھے، ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ، جمہوریت کی گاڑی درست سمت میں چل رہی ہے ، ملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں برن یونٹ کام کر رہے ہیں، ہم پر الزام لگانے والوں کے اپنے صوبے میں کوئی برن یونٹ نہیں،وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

اتوار 2 جولائی 2017 15:50

ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں  تھا ، جن کا کتاب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جولائی2017ء) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا ، ریمنڈ ڈیوس کی دیت پنجاب حکومت نے نہیں دی، حکومت پر الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،ریمنڈ ڈیوس نے اپنی کتاب میں جن افراد کا ذکر کیا ہے میڈیا کو چاہیئے کہ وہ سوالات بھی انہی سے پوچھے، ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ، جمہوریت کی گاڑی درست سمت میں چل رہی ہے ، ملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں برن یونٹ کام کر رہے ہیں، ہم پر الزام لگانے والوں کے اپنے صوبے میں کوئی برن یونٹ نہیں ۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا ریمنڈ ڈیوس کیس اور اس کی کتاب کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازعے میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ان کے بارے میں ان سے پوچھا جائے جن کا نام کتاب میں ہے، ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا جب کہ ریمنڈ ڈیوس کی دیت پنجاب حکومت نے نہیں دی لہذا پوچھا جائے اس کے لیے کس نے فنڈز فراہم کیے۔

انہوں نے کہا جمہوریت کی گاڑی صحیح طریقے سے چل رہی ہے لہذا کوئی بھی نہیں چاہتا کہ جمہوریت کی گاڑی پٹری سے اترے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں برن یونٹ کام کر رہے ہیں جب کہ ہم پر الزام لگانے والوں کے اپنے صوبے میں کوئی بھی برن یونٹ نہیں ہے، ملتان میں عالمی معیار کا برن یونٹ کام کر رہا ہے جب کہ تعلیم کے میدان میں بھی پنجاب حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

اس سے قبل وزیراعلی پنجاب سی1320 میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چائنہ ہیونینگ گروپ کے چیئرمین چا پکسی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ ساہیوال کول پاورپراجیکٹ نے شفافیت، معیار اور رفتار کی نئی تاریخ لکھی ہے، اس منصوبے کی 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل سے پوری دنیا میں نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، یہ منصوبہ انتھک محنت ،خلوص نیت اورغیرمعمولی عزم کا شاہکار ہے، پاکستان کے عوام نے اتنی برق رفتاری سے کسی منصوبے کو مکمل ہوتے نہیں دیکھا۔

چیئرمین چائنہ ہیونینگ گروپ نے 1320 میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلی اوران کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں ساہیوال کول پاورپراجیکٹ کی تکمیل وزیراعلی پنجاب کا ایک مثالی کارنامہ ہے، وزیراعلی پنجاب نے ایک ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا، اس منصوبے کی 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل سے نہ صرف چین بلکہ دنیا کا نیاریکارڈ قائم ہوا ہے۔