پانامہ تحقیقات کیلئے 7دن باقی ،جے آئی ٹی نے آخری مرحلے کا آغاز کر دیا

وزیر اعظم کے بچوں کے بعد اہلیہ کلثوم نواز اور سمدھی اسحاق ڈار کو بھی بلائے جانے کا امکان

اتوار 2 جولائی 2017 20:10

پانامہ  تحقیقات کیلئے 7دن باقی ،جے آئی ٹی نے آخری مرحلے کا آغاز کر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2017ء) پانامہ کیس کی تحقیقات مکمل ہو نے میں 7دن باقی رہ گئے ،جے آئی ٹی نے آخری مرحلے کا آغاز کر دیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں کے بعد اہلیہ کلثوم نواز اور سمدھی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی بلائے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پانامہ لیکس کی تحقیقات کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے حکم پر قائم کی گئی تحقیقاتی ٹیم کے پاس آج کے بعد صرف 7 دن باقی رہ گئے ہیں ۔

جبکہ جے آئی ٹی نے تحقیقات کے آخری مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے گذشتہ روز وزیر اعظم کے چچازاد طارق شفیع کو طلب کیا تھا جبکہ آج حسن نواز ، کل حسین نواز اور 5جولائی بروز بدھ مریم نوازکو طلب کیا گیا ہے۔ جہاں پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے وقت کل رہ گیاہے وہیں جے آئی ٹی کی جانب سے وزیر اعظم کے دیگر قریبی رشتہ دار خصوصاً وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کو بھی طلب کئے جانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیر اعظم نواز شریف کے سمدھی ہیں ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار حدیبیہ پیپر ملز کے حوالے سے 2000ء میں ہونے والی تحقیقات میں مجسٹریٹ کے سامنے منی لانڈنگ کا اعترافی بیان دے چکے ہیں۔ تاہم اب اسحا ق ڈار اپنے اعترافی بیان سے پیچھے ہٹ چکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ سابق صدر مشرف کے دور میں ان سے یہ بیان دباؤ ڈال کر لیا گیا تھا۔ جبکہ تاحال اسحاق ڈار کا اعتراف سے پیچھے ہٹنے کا بیان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کوتحقیقات مکمل کرنے کیلئے 10جولائی تک کا وقت دے رکھا ہے ۔