مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو اور نوجوان شہید

یاسین ملک کو گرفتارکر کے سرینگر جیل منتقل کردیاگیا

پیر 3 جولائی 2017 18:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پلوامہ میں دو اور کشمیری نوجوانوںکو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے کفایت احمد اور جہانگیرکھانڈے نامی نوجوانوںکو ضلع کے علاقے بہمنو میںایک پر تشدد کریک ڈائون آپریشن کے دوران شہید کیا۔

بھارتی فوجیوںنے علاقے میں مظاہرین پر گولیوں اور پیلٹ گن کا استعمال کر کے متعدد افراد کو زخمی بھی کردیا جن میں سے دو کی حالت تشویشنا ک ہے ۔ایک اور واقعے میںضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میں بھارتی فوج کی ایک تیز رفتار گاڑی نے ایک شہری غلام حسن ریشی کودانستہ طورپر ٹکر مار کر شہید کردیا ۔اسلام آباد قصبے میں ایک بس اسٹینڈ پر حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا ۔

(جاری ہے)

فوجیوںنے راہگیروں اور ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی ۔ انہوںنے انگریزی زبان کے ایک مقامی روزنامے سے وابستہ فوٹو جرنلسٹ شیخ مشتاق کو بھی تشددکا نشانہ بنایا جووہاں پر اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دے رہا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 120سے زائد کشمیریوں کے قتل اورسینکڑوں کو زخمی کرنے کی اطلاعات پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کشمیریوں کے قتل عام کی بڑی وجہ ہے۔ سید علی گیلانی نے کہاکہ بھارت جموںوکشمیر کے عوام کو انکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دیکر اس خونریزی کو بندکرسکتا ہے ۔ادھر بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو آج سرینگر میں لال چوک کے علاقے آبی گزر میں واقع پارٹی کے دفترسے گرفتار کرلیا۔

لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کی ایک پارٹی نے پارٹی دفتر پر چھاپہ مارکر محمد یاسین ملک کو گرفتارکیا۔ انہیں سرینگرسینٹرل جیل منتقل کردیا گیا ہے۔اس سے قبل محمد یاسین ملک نے امریکی انتظامیہ کے نام ایک کھلے خط میں کہاتھا کہ کشمیری کبھی بھی کسی عالمی ایجنڈے پر عمل پیرانہیں رہے بلکہ انکی کوششوںکا مرکز ہمیشہ تنازعہ جموںوکشمیر کا حل رہا ہے ۔

تاہم انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ نہ تو بھار ت اور نہ ہی عالمی برادری نے کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کوتسلیم کیا ہے۔ انہوںنے لکھا کہ کشمیریوںکی سیاسی جدوجہد سے صرف نظر کرکے اسے عالمی دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے سے مسئلے کے حل میں کوئی مدد نہیں ملے گی ۔ ادھر وادی کشمیرمیںتاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی کے گروپوں نے گڈز اینڈ سروسز ٹیکس کے دائرہ کار کو مقبوضہ علاقے تک توسیع دینے کے خلاف مزاحمت کی غرض سے مشترکہ طورپر کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بھارت کے اس اقدام کے خلاف مزاحمت کیلئے کمیٹی میں تقریباً 30تاجر تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے گروپ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :