ملک کی بقاء وترقی جمہوریت اورجمہوری اداروں کے استحکام سے وابستہ ہے، وزیراعظم محمدنوازشریف اورمسلم لیگ (ن) پاکستان کی بقاء اور سا لمیت کی جنگ لڑرہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری

پیر 3 جولائی 2017 23:52

ملک کی بقاء وترقی جمہوریت اورجمہوری اداروں کے استحکام سے وابستہ ہے، ..
کوئٹہ۔03جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ ملک کی بقاء وترقی جمہوریت اورجمہوری اداروں کے استحکام سے وابستہ ہے وزیراعظم محمدنوازشریف اورمسلم لیگ (ن) پاکستان کی بقاء اور سا لمیت کی جنگ لڑرہے ہیں جس میں انہیں 20کروڑعوام کی حمایت حاصل ہے۔قوم وزیراعظم کی قیادت میں جمہوریت کوڈی ریل کرنے کی ہرسازش کاناکام بنانے کیلئے متحدہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاہے کہ مفادپرستوں اورنادان سیاستدانوں نے ہمیشہ جمہوریت کو نقصان پہنچایاہے غیرسیاسی غیرجمہوری اورانتقامی رویے جمہوریت کیلئے زہرقاتل ہیں بدقسمتی سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کوایک مرتبہ پھراسی قسم کے رویوں کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ برسراقتدارآتی ہے اوروزیراعظم محمدنوازشریف اوران کی ٹیم ملک کو ٹریک پر لاناشروع کرتی ہے سیاسی مخالفین اس کی راہ میں رکاؤٹیں ڈالناشروع کردیتے ہیں اورغیرایشوز کی سیاست کاآغازکردیاجاتاہے انہوں نے پنامہ کیس اورجے آئی ٹی کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ پنامہ کیس میں کہیں بھی وزیراعظم کا نام شامل نہیں اورنہ ہی ان پر یا ان کے خاندان پربدعنوانی کاکوئی الزام ہے اس کے باوجود وزیراعظم،ان کے خاندان کے افراداوررفقاء کار قانون وآئین کا مکمل احترام کرتے ہوئے جی آئی ٹی کے سامنے پیش ہورہے ہیں جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف آئین وقانون کی بالادستی پرپختہ یقین رکھتے ہوئے اداروںکااستحکام چاہتے ہیں جبکہ مخالفین انتشارکی سیاست پر چلتے ہوئے ملک میں عدم استحکام پیداکرنے کی کوشش کررہے ہیںکیونکہ 2018ء کے انتخابات میںانہیں اپنی واضع شکست نظرآرہی ہے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں بھی بھرپوراکثریت حاصل کرکے چاروں صوبوں اوروفاق میں حکومت بنائے گی کیونکہ باشعوراورغیورپاکستانی قوم شائستگی اورسنجیدگی کی سیاست پریقین رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ وزیراعظم محمدنوازشریف انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اورنہ ہی کبھی انہوں نے تحمل اورشائستگی کادامن ہاتھ سے چھوڑاہے مخالفین کے ان پراوران پر اوران کے خاندان کے بارے میں رکیک اورہتک آمیز بیانات کے باجوود وزیراعظم نے کبھی بھی غیرجمہوری اورغیراخلاقی زبان استعمال نہیں کی جو ان کے ایک مدبرشائستہ اورفراخ دل انسان ہونے کامظہر ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ الزام وبہتان تراشی ہلٹربازی اورنفرت کی سیاست کے ذریعے مسلم لیگ کی مقبولیت کاگراف گراکر عوام میں مقبول ہوجائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے عوام آئندہ انتخابات میں انہیں سختی سے مسترد کردینگے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک میں جمہوریت اورجمہوری ادارے استحکام حاصل کررہے ہیں اورجمہوریت کوکوئی خطرہ لاحق نہیں ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نہ صرف اپنی مدت پوری کریگی بلکہ آئندہ بھی اقتدارمیں آکرملک وقوم کی ترقی اورعوامی خدمت کے ایجنڈے پرکام کرتی رہے گی۔