جے آئی ٹی میں بہت سے ایسے لوگوں کو بھی بلایا جا رہا ہے جن کا اس سے کوئی تعلق ہی نہیں،سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا،نہ ہی ہمارے تحفظات دور کیے جا رہے ہیں،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 3 جولائی 2017 23:53

جے آئی ٹی میں بہت سے ایسے لوگوں کو بھی بلایا جا رہا ہے جن کا اس سے کوئی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین ہماری قیادت پر پھر وہی جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں جو ماضی میں مسترد ہو چکے ہیں اور ان کی کئی مرتبہ تحقیقات بھی ہو چکی ہیں جن سے کچھ بھی حاصل نہیں ہو سکا۔ ہماری قیادت کا دامن صاف ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم ماضی میں بھی سرخرو ہوئے اور انشااللہ اب بھی سرخرو ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آہ و پکار اس لیے کر رہے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اور نہ ہی ہمارے تحفظات دور کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو انصاف چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل ہو اس کے لیے چاہے کسی کو بھی بلا لیں۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں بہت سے ایسے لوگوں کو بھی بلایا جا رہا ہے جن کا کوئی تعلق ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دھرنے میں اداروں نے میچور رویہ دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ملک کی ترقی و خوشحالی نہیں چاہتے اور وہ سی پیک کے حق میں بھی نہیں لیکن ہماری قیادت نے ملکی ترقی و خوشحالی کا جو پختہ عزم کر رکھا ہے ہم اس کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جب بھی اقتدار سنبھالا ملک و قوم نے ترقی کی اور موجودہ دور حکومت میں بھی ہماری قیادت نے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔