جمہوریت اور ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے ہر وزیراعظم کو 5 سال پورے کرنے چاہئیں۔وزیراعظم نوازشریف

سیاسی اتار چڑھاﺅ سے اسٹاک ایکسچینج میں ہزاروں پوائنٹس کا گراؤ آیا لہذا ایسی صورتحال نہیں ہونی چاہیے اور حالات ٹھیک رہنے چاہئیں۔ نوازشریف کی تاجکستان پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 5 جولائی 2017 13:13

جمہوریت اور ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے ہر وزیراعظم کو 5 سال پورے ..
دوشنبے(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 جولائی۔2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت اور ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے ہر وزیراعظم کو 5 سال پورے کرنے چاہئیں۔تاجکستان پہنچنے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہر وزیراعظم کو 5 سال پورے کرنے چاہئیں، جمہوریت کو آگے بڑھنا اور ترقی کا عمل جاری رہنا چاہیے، سیاسی اتار چڑھاﺅ سے اسٹاک ایکسچینج میں ہزاروں پوائنٹس کا گراو آیا لہذا ایسی صورتحال نہیں ہونی چاہیے اور حالات ٹھیک رہنے چاہئیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اورتاجکستان کو دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ توانائی اورتجارت کے شعبوں میں جاری منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے، اقتصادری راہداری اور دیگر شعبوں کو بہتر بنانے پر اتفاق ہوا ہے دونوں ملکوں کے ورکنگ گروپ کا بھی اجلاس جلد منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے سب سے پہلے تاجکستان کی آزادی کو تسلیم کیا، پاکستان جلد تاجکستان میں موجود سفارتخانے میں کمرشل سیکٹر بھی بنائے گا تاجک صدر کی قیادت میں ترقی کا حصول تیزی سے جاری ہے۔

تاجک صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورتاجکستان کے قریبی تعلقات ہیں۔وزیراعظم نوا ز شریف کل ہونے والے تاجکستان، افغانستان، کرغستان اور پاکستان کے4ملکی سمٹ میں بھی شرکت کریں گی ، سمٹ میں خطے کی صورتحال اورعلاقائی معاملات پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم نوازشریف تاجک صدر ایمومالی رحمون کی دعوت پر 2 روزہ دورے پرتاجکستان پہنچے ہیں جہاں تاجک صدرایمومالی رحمون نے ان کا استقبال کیا جب کہ وزیراعظم کے ہمراہ مشیرخارجہ امورسرتاج عزیز اوروفاقی وزراءخرم دستگیر، خواجہ آصف ، ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین زبیرطفیل بھی ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف اپنے دورے کے دوران پاک تاجک بزنس کونسل کا مشترکہ اجلاس اور پاکستان ، افغانستان اور تاجکستان کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم کو دورے کی دعوت تاجک صدر امام علی رحمان نے دی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی تاجکستان گیا ہے۔وزیر اعظم کے دورہ تاجکستان کے اختتام پر مشترکہ اعلامئے پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔

دورے کے دوران پاک تاجک بزنس کونسل کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ بزنس کونسل باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون میں اضافے کیلئے تجاویز دے گی۔تاجکستان میں کاسا 1000 منصوبے کے 4 رکن ممالک کا اجلاس بھی منعقد ہوگا جس میں پاکستان ، تاجکستان ، افغانستان اور کرغزستان کے سربراہان شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف پاکستان ، افغانستان اور تاجکستان کے سہ فریقی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ سہ فریقی اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔